ملک اصغر ہاشمی/نئی دہلی
موجودہ بھارت میں اگر کوئی ایسا سنت ہے جس کی زبان تمام مذاہب کے لوگوں کو یکساں طور پر متأثر کرتی ہے، تو وہ ہیں ورنداون کے رَسک سنت پریمانند گووند شرن جی مہاراج۔ ان کی مقبولیت محض ہندو سماج تک محدود نہیں، بلکہ بڑی تعداد میں مسلمان عقیدت مند بھی انہیں سننے کے لیے ورنداون میں واقع ان کے آشرم شری ہت رادھا کیلی کنج تک کھنچے چلے آتے ہیں۔ان کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ ریاکاری اور دکھاوے سے کوسوں دور رہتے ہیں۔ وعظ کے دوران کبھی کسی مذہب پر تنقید نہیں کرتے، بلکہ وہ تو کھلے عام ایسے افراد کی تعریف تک کر چکے ہیں جو عوامی مقامات پر نماز ادا کرتے ہیں۔ ایک مرتبہ انہوں نے کہا تھاکہ ۔۔۔
"ہمیں مسلمانوں سے سیکھنا چاہیے کہ وہ اپنے مالک کو ہر وقت، ہر جگہ یاد کرتے ہیں۔"
صرف یہی نہیں، مہاراج صوفی سنتوں کے بھی بڑے مداح ہیں۔ ان کے بیانات میں اکثر اولیاء اور فقیروں کا ذکر ہوتا ہے۔ کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر ان کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں وہ خواجہ غریب نواز کی تعریف کرتے نظر آ رہے تھے۔
اسی وجہ سے ان کے شاگردوں اور سامعین میں آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت سے لے کر ویراٹ کوہلی اور انوشکا شرما جیسے مشہور شخصیات اور کئی مسلم چہرے بھی شامل ہیں۔ حال ہی میں ایک اور ویڈیو وائرل ہوا جس میں کئی مسلمان بچے ان کے آشرم میں جا کر ان سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے دکھائی دیے۔
اب ان کا ایک نیا ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی چرچا میں ہے، جس میں وہ امیر خسرو، ان کے پیر حضرت نظام الدین اولیاء اور ایک غریب شخص کی حکایت بڑے جذبے اور محبت سے سناتے ہیں۔ پریمانند گووند شرن جی کہتے ہیں:
"امیر خسرو مکمل طور پر وقف شدہ مہاپرش (عظیم شخصیت) تھے۔"
انہوں نے بتایا کہ ایک بار امیر خسرو کے گرو دہلی میں تشریف لائے ہوئے تھے۔ تب ایک غریب آدمی ان سے مدد کی درخواست لے کر آیا تاکہ وہ اپنی بیٹی کی شادی کر سکے۔ گرو نے اسے کہا کہ پرسوں آنا۔ جب وہ دوبارہ آیا تو گرو نے اسے اپنی پادُکا (چپل) دے دی۔ غریب حیرت میں تھا، لیکن چونکہ وہ سنت کی دی ہوئی چیز تھی، اس نے اسے سر پر رکھ لیا اور چل پڑا۔
راستے میں امیر خسرو تیرہ اونٹوں پر اشرفیاں لادے آ رہے تھے۔ اچانک انہیں احساس ہوا کہ کہیں ان کے گرو کی کوئی چیز آس پاس ہے۔ پوچھنے پر انہوں نے اس غریب کو دیکھا جس کے سر پر ان کے گرو کی پادُکا تھی۔ خسرو نے اس سے وہ پادُکا مانگی اور بدلے میں 13 اونٹوں کی اشرفیاں خادم سمیت اسے دے دیں۔
جب خسرو وہ پادُکا لے کر اپنے گرو کے پاس پہنچے تو انہوں نے پوچھا:
"کتنے کی لی؟"
خسرو نے جواب دیا: "13 اونٹوں پر لدی اشرفیوں کےعوض میں۔"
اس پر گرو مسکرا اٹھے اور بولے
"بہت سستا سودا کیا ہے!"
پریمانند گووند شرن جی مہاراجیہ کہانی سناتے ہوئے بے حد خوش اور پرجوش نظر آتے ہیں۔ یہ کوئی من گھڑت قصہ نہیں بلکہ صوفی تاریخ کا مشہور واقعہ ہے، جہاں حضرت نظام الدین اولیاء نے اپنے سب سےعزیز شاگرد امیر خسرو کو اس کی عقیدت اور وفاداری پر اس قدر عزت دی کہ اپنی وفات سے پہلے وصیت کی کہ ان کی قبر کے برابر ہی امیر خسرو کی قبر بنائی جائے۔
حقیقتاً اصل واقعے میں "پادُکا" کے بجائے "جوتی" (جوتا) کا ذکر ہے، لیکن جذبات وہی ہیں: گرو کے لیے عقیدت، سرفروشی اور ایثار۔
پریمانند گووند شرن جی مہاراجپہلے بھی اجمیر میں واقع خواجہ غریب نواز پر ایک تفصیلی ویڈیو میں ان کے کردار اور چشتی روایت کی تعریف کر چکے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ خواجہ معین الدین چشتی اور نظام الدین اولیاء دونوں چشتی سلسلے سے وابستہ عظیم صوفی سنت تھے۔ نظام الدین اولیاء دراصل خواجہ صاحب کے پڑپوتے گرو بابا فرید کے شاگرد تھے۔ دونوں ہستیوں کی زندگیاں انسانیت، محبت اور بھائی چارے کی مثال ہیں ، بالکل اسی طرح جیسے پریمانند مہاراج کی تعلیمات۔
پریمانند گووند شرن مہاراج: زندگی اور خدمات
پیدائش:
30 مارچ 1969، اکھری گاؤں، سرسول بلاک، کانپور
اصل نام:
انیرُدھ کمار پانڈے
روحانی سفر:
13 سال کی عمر میں گھر چھوڑ کر سنیاس کے راستے پر چل پڑے
مسلک:
رادھا ولبھ سنپردائے
آشرم:
شری ہت رادھا کیلی کنج ٹرسٹ، ورنداون(قیام: 2016)
خصوصی خدمات:
مفت کھانا، علاج، رہائش، بھکتیसाधना(روحانی ریاضت)
صحت:
خود کئی بار کہہ چکے ہیں کہ وہ ڈائلیسس پر ہیں کیونکہ دونوں گردے خراب ہیں۔
نمایاں تصانیف
برہمچریہ
ایکانٹک وارتالاپ
ہت صدگرو دیو کے وچنامرت
اشٹ یام سیوا پدھتی
Spiritual Awakening (جلد اول)
ان کی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ روحانیت کسی ایک مسلک یا مذہب کا موضوع نہیں، بلکہ پوری انسانیت کی سادھنا (تلاشِ حق) ہے۔ پریمانند گووند شرن جی مہاراج کی زبان میں صوفی روح کی دھڑکن سنائی دیتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ ہر مذہب، ہر ذات اور ہر طبقے کے لوگ ان کے قدموں میں یکساں طور پر سر جھکاتے ہیں۔