اصلی کیرالہ اسٹوری: مسلم مہاوت نے مندر میں کیا روزہ افطار

Story by  ملک اصغر ہاشمی | Posted by  [email protected] | Date 09-03-2026
 اصلی کیرالہ اسٹوری:  مسلم مہاوت نے مندر میں  کیا روزہ افطار
اصلی کیرالہ اسٹوری: مسلم مہاوت نے مندر میں کیا روزہ افطار

 



ملک اصغر ہاشمی نئی دہلی

آج کے دور میں جب سرخیاں اکثر نفرت اور تقسیم کے شور سے بھری ہوتی ہیں جنوبی ہند کے ایک مندر سے آئی ایک تصویر نے اپنی سادگی اور محبت سے پورے ملک کو خاموش کر دیا۔ یہ کسی وعظ یا تقریر کی کہانی نہیں بلکہ ایک ایسے لمحے کی داستان ہے جس نے سوشل میڈیا پر سوا لاکھ سے زیادہ دل جیت لیے۔ یہ واقعہ کیرالہ کے ضلع تریشور کے پُتھوکاؤ دیوی مندر کا ہے جہاں ایک ہاتھی کے سائے میں عبادت اور انسانیت کا حسین امتزاج نظر آیا اور لوگ اسے اب اصلی کیرالہ اسٹوری کہہ رہے ہیں۔

کیرالہ کے تہوار اپنی شان و شوکت اور ہاتھیوں کی موجودگی کے لیے مشہور ہیں۔ پُتھوکاؤ دیوی مندر میں بھی جشن کا سماں تھا۔ ڈھول کی تھاپ گونج رہی تھی اور روایت کے مطابق ہاتھیوں کی نمائش ہو رہی تھی۔ اسی دوران شام ڈھلی اور ایک مسلم مہاوت پپن سائن الدین کے لیے اپنے دینی فریضے کا وقت آگیا۔ وہ رمضان کا روزہ رکھے ہوئے تھے۔ ڈیوٹی پر موجود ہونے کے باعث وہ کہیں دور نہیں جا سکتے تھے اس لیے اپنے ہاتھی کے قدموں کے پاس زمین پر بیٹھ کر افطار کی تیاری کرنے لگے۔

سائن الدین نے شاید سوچا ہوگا کہ وہ مندر کے کسی کونے میں خاموشی سے روزہ کھول لیں گے لیکن جب مندر کمیٹی کی نظر ان پر پڑی تو منظر بدل گیا۔ مندر کے منتظمین نے نہ صرف انہیں افطار کی اجازت دی بلکہ آگے بڑھ کر ان کے لیے کھانے اور پھلوں کا انتظام بھی کیا۔ ایک ہندو مندر کے احاطے میں جشن کے ماحول کے درمیان ایک مسلم مہاوت مندر کے فراہم کردہ کھانے سے روزہ افطار کر رہا تھا۔ یہ ایک معمولی واقعہ نہیں بلکہ اس ہندوستان کی جھلک تھی جسے لوگ آج بھی اپنے دلوں میں بسائے ہوئے ہیں۔

اس واقعے کی ویڈیو گیو انڈیا نامی انسٹاگرام ہینڈل پر سامنے آتے ہی تیزی سے وائرل ہو گئی۔ صرف ایک دن میں اسے سوا لاکھ سے زیادہ افراد نے پسند کیا۔ معروف انگریزی اخبار ماتر بھومی نے بھی اسے نمایاں طور پر شائع کیا۔ ویڈیو کے تعارف میں لکھا گیا کہ ایک ایسی دنیا میں جو اکثر ہمیں تقسیم کرنے والی باتوں پر توجہ دیتی ہے یہ لمحہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آج بھی ہمیں جوڑنے والی چیز کیا ہے۔

ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر محبت بھری آرا کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایک صارف منظر نے لکھا کہ جب مندر کے سائے میں روزہ افطار ہوا تو ملک نے اتحاد کا اصل مطلب دیکھا۔ وہاں صرف افطار نہیں ہو رہی تھی بلکہ انسانیت اپنی خوبصورت ترین شکل میں جلوہ گر تھی۔ انیل کمار نامی صارف نے کہا کہ ہمارے لیے وہ صرف مسلم شخص نہیں بلکہ ایک ملیالی ہیں۔ ایک اور صارف نے جذباتی انداز میں لکھا کہ ہمارے لیے یہ حیرت کی بات نہیں کیونکہ ہم اسی ماحول میں پلے بڑھے ہیں جہاں مندر کے دیے جلتے وقت مسجد کی اذان سنائی دیتی ہے۔ یہی اصل کیرالہ اسٹوری ہے۔

بہت سے لوگوں نے اسے ان منفی بیانیوں کا جواب قرار دیا جو کیرالہ کی شبیہ کو خراب انداز میں پیش کرتے ہیں۔ کچھ صارفین نے بار بار اسے دی ریئل کیرالہ اسٹوری کہا۔ کسی نے لکھا کہ کیرالہ نے دکھا دیا کہ انسانیت کیا ہوتی ہے اور کسی نے اسے خدا کے اپنے ملک ہونے کا ثبوت بتایا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ویڈیو کو پسند کرنے والوں میں صرف کیرالہ کے لوگ نہیں تھے بلکہ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی اس پر خوشی کا اظہار کیا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دکھاوا نہیں تھا بلکہ یہ فطری رویہ تھا۔

بھارت جیسے ملک میں جہاں مذہب اکثر بحث کا موضوع بنتا ہے پُتھوکاؤ دیوی مندر کا یہ منظر ایک مثبت اشارہ دیتا ہے۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ زمینی سطح پر عام لوگ آج بھی ایک دوسرے کے عقیدے کا احترام کرتے ہیں۔ مہاوت پپن سائن الدین کے لیے شاید یہ ایک معمولی لمحہ ہو لیکن مندر کمیٹی کے اس قدم نے کروڑوں لوگوں کو امید دی ہے۔ خبر لکھے جانے تک اس ویڈیو پر تقریباً پونے دو لاکھ لائکس آچکے تھے اور ہزاروں افراد اپنی رائے دے چکے تھے۔

یہ ویڈیو ان سب کے لیے آئینہ ہے جو مذاہب کے درمیان نفرت کی خلیج پیدا کرتے ہیں۔ تریشور کے اس مندر نے ثابت کیا کہ عبادت کے طریقے مختلف ہوسکتے ہیں مگر انسانیت کی زبان ایک ہوتی ہے۔ سائن الدین کا روزہ اور مندر کا کھانا یہی امتزاج بھارت کی اصل خوبصورتی ہے۔ جے ہند۔