نویں دہائی (1990) میں ہندوستانی نوجوانوں کے ہیروز

Story by  ثاقب سلیم | Posted by  [email protected] | Date 09-08-2025
نویں دہائی (1990) میں  ہندوستانی نوجوانوں کے ہیروز
نویں دہائی (1990) میں ہندوستانی نوجوانوں کے ہیروز

 



ثاقب سلیم

1990 کی دہائی ہندوستان کے لیے ایک ہنگامہ خیز دور تھا۔ اس دوران راجیو گاندھی کا قتل، پنجاب، کشمیر، آسام، میزورم اور ناگالینڈ میں شورش، بمبئی بم دھماکے، فرقہ وارانہ فسادات اور دہشت گرد حملے قوم کو ہلا کر رکھ دیتے تھے۔ دہائی کے اختتام پر پاکستان نے کارگل میں ہندوستانی سرزمین پر حملہ کیا۔ تاہم اس دور میں پوکھران ایٹمی تجربات جیسے کچھ کارنامے بھی انجام پائے۔ ان پُرآشوب حالات میں ہندوستانی نوجوانوں کو کئی ایسے نوجوان ہیروز نے متاثر کیا جن میں سے پانچ کا ذکر یہاں کیا جا رہا ہے۔

سچن ٹنڈولکر

اگر ہندوستان میں کرکٹ ایک مذہب ہے تو سچن رمیش ٹنڈولکر اس کے "بھگوان" (خدا) تھے۔ 1990 کی دہائی کے دوران، جب ہندوستان کرکٹ میں بہترین ٹیم نہ تھا اور اکثر آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ سے شکست کھاتا، سچن پورے ملک کی امیدوں کا مرکز بنے رہے۔ پوری قوم ان پر بھروسہ کرتی، ان سے معجزوں کی توقع رکھتی۔ ٹیم ان کے گرد گھومتی۔1996 کے ورلڈ کپ کا سیمی فائنل یاد کیجیے، جہاں ان کے آؤٹ ہوتے ہی ٹیم بکھر گئی۔ یا پھر چنئی ٹیسٹ، جہاں پاکستان کے خلاف ان کی وکٹ گرنے کے بعد ہندوستان تقریباً جیتا ہوا میچ ہار گیا۔سچن نے دنیا کے بہترین گیندبازوں جیسے شین وارن کے خلاف اپنی شرطیں منوائیں۔ وہ ہمارے خواب، ہماری ہمت، اور ہماری امید بنے۔جیسے جیسے دہائی ختم ہوئی، سارو گنگولی، راہول ڈریوڈ جیسے کھلاڑی سامنے آئے، مگر 1990 کی دہائی صرف سچن کی تھی۔ ان کی ناکامی کا مطلب ہندوستان کی شکست ہوا کرتا تھا۔سچن کسی تعارف کے محتاج نہیں — ان کی تعریف میں کچھ بھی کہا جائے، کم ہوگا۔

ایشوریا رائے

ایک 21 سالہ فن تعمیر کی طالبہ، جو پہلے ہی ماڈلنگ اور پیپسی کے اشتہار سے پہچانی جاتی تھیں، 1994 میں دنیا کی دوسری ہندوستانی "مس ورلڈ" بن کر عالمی سطح پر چھا گئیں۔ایشوریا رائے کی خوبصورتی، اعتماد، سماجی کاموں سے وابستگی اور پیشہ ورانہ رویہ نئی ہندوستانی عورت کی علامت بن گیا،خاص طور پر اُس وقت جب ہندوستان نے عالمی منڈیوں کے لیے اپنے دروازے کھولے تھے۔ایشوریا اس پیغام کی نمائندہ تھیں کہ ہندوستان مغرب کی خوبصورتی کے معیار کو نہیں اپنائے گا، بلکہ اپنا معیار دنیا پر مسلط کرے گا۔ان کے بعد ہزاروں ہندوستانی خواتین ماڈلنگ، بیوٹی انڈسٹری، فیشن ڈیزائننگ اور میک اپ جیسے پیشوں میں آئیں۔ایشوریا نے ہندوستانی لڑکیوں کو خواب دیکھنے کی ہمت دی۔

کرنم مالیشوری

1994 میں، 19 سالہ کرنم مالیشوری کو ویٹ لفٹنگ میں غیر معمولی کارکردگی پر "ارجنا ایوارڈ" سے نوازا گیا۔1990 کی دہائی میں وہ ایشیائی اور عالمی چیمپئن رہیں۔ 2000 کے سڈنی اولمپکس سے پہلے وہ 29 بین الاقوامی تمغے جیت چکی تھیں۔اور 2000 میں ہی، وہ اولمپک کانسی کا تمغہ جیت کر، ایسا کارنامہ انجام دینے والی پہلی ہندوستانی خاتون بن گئیں۔ان سے قبل پی ٹی اوشا ہی واحد خاتون کھلاڑی تھیں جو عوام میں مقبول تھیں، لیکن اولمپک میں تمغہ نہ جیت سکیں۔مالیشوری نے خواتین کو ویٹ لفٹنگ جیسے مردانہ سمجھے جانے والے کھیلوں کی طرف مائل کیا۔1990 کی دہائی کے اختتام تک خواتین فٹنس، باڈی بلڈنگ اور ویٹ لفٹنگ میں زیادہ متحرک ہو گئیں۔

اے آر رحمان

 سال1992 میں فلم روجا نے ہندوستانی موسیقی میں ایک طوفان برپا کردیا جسے لوگوں نے 'ایسائی پوئل' یعنی موسیقی کا طوفان کہنا شروع کردیا۔ اے آر رحمان نے روایتی ہندوستانی موسیقی میں جدید ٹیکنالوجی کا ایسا امتزاج لایا جیسا کہ پہلے کبھی نہیں تھا۔ان کی موسیقی نہ صرف ان کی فلموں کی کامیابی کا باعث بنی بلکہ وہ خود ایک برانڈ بن گئے۔ 1990 کی دہائی میں ان کی دھنوں نے نوجوانوں کو نئی سوچ اور نئی حساسیت سے جوڑ دیا۔ بعد ازاں انہوں نے آسکر، گریمی اور گولڈن گلوب جیسے بین الاقوامی اعزازات بھی جیتے لیکن 90 کی دہائی ان کی سنہری شروعات تھی۔

کیپٹن وکرم بترا

1999 میں جب پاکستان نے کارگل کی پہاڑیوں پر قبضہ کیا، تب 24 سالہ کیپٹن وکرم بترا ہندوستانی سرحدوں کے محافظ اور جرات کا نشان بنے۔انہوں نے کوڈ نیم "شیر شاہ" کے تحت 20 جون 1999 کو دراس کے مقام پر پوائنٹ 5140 کو دشمن کے قبضے سے آزاد کرایا۔انہوں نے دشمن پر ہاتھا پائی میں قابو پایا، چار فوجیوں کو مارا، اور حملے کی قیادت کی۔اسی کے بعد دشمن کے کئی مورچوں پر فتوحات کا سلسلہ شروع ہوا۔بعد میں 7 جولائی کو، پوائنٹ 4875 پر حملے کے دوران وہ شدید زخمی ہوئے لیکن لڑائی جاری رکھی، پانچ دشمن مارے اور آخرکار شہید ہو گئے۔ان کی بہادری نے ہزاروں نوجوانوں کو ہندوستانی فوج جوائن کرنے پر آمادہ کیا۔ان کا مشہور جملہ تھا۔۔۔"میں یا تو ہندوستانی پرچم لہرا کر لوٹوں گا یا پھر اس میں لپٹا ہوا، مگر واپس ضرور آؤں گا۔"اور واقعی، وہ وطن کے پرچم میں لپٹ کر لوٹے۔