نیشنل ہیرالڈ کیس پر اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں احتجاج

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-12-2025
نیشنل ہیرالڈ کیس پر اپوزیشن  کا پارلیمنٹ میں احتجاج
نیشنل ہیرالڈ کیس پر اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں احتجاج

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
نیشنل ہیرالڈ معاملے پر بدھ کے روز حزبِ اختلاف کے کئی ارکانِ پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ احاطے میں احتجاج کیا۔ کانگریس کے ارکان نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرہ درج تھا: “ستیہ میو جیتے؛ سچ کی فتح۔۔۔۔
کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ششی تھرور نے بھی نیشنل ہیرالڈ معاملے میں حکومت پر انتقامی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج میں حصہ لیا۔ اس سے قبل آج کرناٹک کانگریس کے رہنماؤں نے بھی نیشنل ہیرالڈ کیس اور مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ  کا نام تبدیل کر کے وی بی -جی  رام جی رکھنے کے فیصلے کے خلاف بیلگاوی میں سورنا سودھا کے قریب گاندھی مجسمے کے پاس مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاج کے دوران نائب وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ کا ہندوستان کی آزادی کی تحریک سے گہرا تعلق رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ ملک کا فخر ہے، جسے آزادی کی جدوجہد کے دوران جواہر لعل نہرو نے قائم کیا تھا۔ انہوں نے اس معاملے میں مرکزی ایجنسیوں کی کارروائیوں پر بھی سوال اٹھائے۔
شیوکمار نے مزید کہا کہ انصاف کی جیت ہوئی ہے۔ بی جے پی کو یہ انتقامی سیاست بند کرنی چاہیے۔ دریں اثنا، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے الزام عائد کیا کہ نیشنل ہیرالڈ کیس کو برسرِ اقتدار حکومت “سیاسی انتقام” کے تحت آگے بڑھا رہی ہے اور یہ معاملہ صرف گاندھی خاندان کو ہراساں کرنے کے لیے ہے۔ اس معاملے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ الزامات کی کوئی بنیاد نہیں ہے اور دعویٰ کیا کہ اس کیس میں کوئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ  درج ہی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سیاسی انتقام کے لیے کیا جا رہا ہے۔ یہ کیس صرف گاندھی خاندان کو پریشان کرنے کے لیے ہے۔ اس معاملے میں کوئی ایف آئی آر نہیں ہے۔ ہمارا نعرہ ‘ستیہ میو جیتے’ ہے، اور ہم اس کیس میں آئے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
منگل کے روز دہلی کی ایک عدالت نے نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے دائر استغاثہ شکایت پر نوٹس لینے سے انکار کر دیا تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ جب تک درج شدہ (پریڈی کیٹ) جرم میں ایف آئی آر موجود نہ ہو، اس وقت تک منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون  کے تحت کارروائی قابلِ سماعت نہیں ہے۔