ثاقب سلیم
رمضان 2019 کے مہینے میں 139 ممالک کے مختلف اسلامی مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے 1200 سے زائد علما اور 4500 مسلم دانشور مکہ مکرمہ میں مسلم ورلڈ لیگ کے زیرِ اہتمام جمع ہوئے اور انہوں نے "میثاقِ مکہ" (The Charter of Makkah) کے نام سے ایک تاریخی دستاویز جاری کی۔ میثاق کی اعلیٰ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا:
اس دستاویز کے متن کے ذریعے دنیا بھر کے مفتیانِ کرام اور علمائے دین نے یہ واضح کیا ہے کہ وہ اس دنیا کا فعال حصہ ہیں، مختلف اقوام و ملل کے ساتھ مثبت تعامل اور ابلاغ کے ذریعے امن، ہم آہنگی، خوشی اور انسانی فلاح کے لیے کوشاں ہیں، اور محبت، اخوت اور انسانی تعاون کے پل تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔
اگرچہ کئی علما نے یہ کہا کہ "میثاقِ مکہ" دراصل "میثاقِ مدینہ" کے اصولِ بقائے باہمی کی توسیع ہے، لیکن بعض ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ میثاق مذہب کو ریاستی نظم کے تابع کرنے کی کوشش ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی موجودہ سیاسی و سماجی مشکلات کو معمول کے طور پر پیش کرتا ہے۔
میں خود کو کوئی عالمِ دین نہیں سمجھتا، لیکن ایک بھارتی مسلمان کے طور پر جب میں اس میثاق کا مطالعہ کرتا ہوں تو اس کے بیشتر نکات مجھے اپنے بچپن سے سنی ہوئی تعلیمات، بزرگوں کی نصیحتوں اور مقامی علما کی گفتگو سے گہرائی سے جڑے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔شاید یہ خیالات مشرقِ وسطیٰ یا یورپ کے مسلمانوں کے لیے نئے ہوں، لیکن ہندوستانی مسلمانوں کے لیے یہ صدیوں سے ایمان کا حصہ رہے ہیں۔
میثاق کے کل 30 نکات ہیں، جن میں آخری نکتہ یہ کہتا ہے
صرف وہی علما جو اس کانفرنس میں شریک ہیں اور اس میثاق پر متفق ہیں، امتِ مسلمہ کی نمائندگی یا اس کے امور پر بات کرنے کے اہل ہیں۔
بظاہر یہ بات جمہوری اصولوں کے منافی محسوس ہوتی ہے، جہاں ہر انسان برابر سمجھا جاتا ہے۔ مگر ایک بھارتی مسلمان کے لیے یہ تصور نیا نہیں، جس نے علامہ اقبال کے اس شعر پر پرورش پائی ہے
جمہوریت اک طرزِ حکومت ہے کہ جس میں
بندوں کو گِنا کرتے ہیں، تولا نہیں کرتے
یہ بات دراصل حدیثِ نبوی کے اس مفہوم کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ "علما، انبیا کے وارث ہیں"۔ یعنی دین کی تعبیر و تشریح کا حق صرف اُنہیں حاصل ہے جو دینی علم میں مہارت رکھتے ہوں۔ یہی تصور ہندوستان کے مسلم معاشرے میں رائج ہے کہ مذہبی معاملات پر بحث ہر شخص کا نہیں بلکہ عالمِ دین کا حق ہے۔
میثاق کے نکتہ 5 میں کہا گیا ہے:
اللہ تعالیٰ نے اپنی ہدایت تمام انسانوں پر ظاہر کی، اور تمام مذاہب کی اصل ایک ہی ہے، جب وہ اپنی حقیقی صورت میں عمل میں لائے جائیں۔
یہ تصور ہندوستانی مسلمانوں کے لیے بالکل مانوس ہے۔ ہمارے بزرگ ہمیشہ یہ سکھاتے آئے ہیں کہ دوسرے مذاہب اور ان کے پیغمبروں یا مذہبی شخصیات کا احترام کیا جائے۔ کئی علما جیسے مرزا مظہر جانِ جاناں نے بھی اپنی تحریروں میں واضح کیا کہ ہندو مت کی اصل توحید پر مبنی ہے اور ہندوستان کے مختلف دیوی دیوتا دراصل ایک ہی خدا کے نمائندے یا پیغام رساں ہیں۔
میثاق کے نکتہ 15 پر بعض ناقدین نے اعتراض کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے
اسلاموفوبیا اس وقت پیدا ہوتا ہے جب لوگ اسلام کو صحیح طور پر نہیں سمجھ پاتے۔ اسلام کی درست تفہیم تعصبات اور دقیانوسی تصورات سے آزاد نظر کی متقاضی ہے، جنہیں بعض لوگ غلط طور پر اسلام کے نام پر پیش کرتے ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ شق اسلاموفوبیا کی ذمہ داری خود مسلمانوں پر ڈالتی ہے، جبکہ غیر مسلم دنیا کی غلط تشہیر کو موردِ الزام نہیں ٹھہراتی۔ لیکن ہندوستانی مسلمانوں کے لیے یہ نظریہ نیا نہیں۔ تبلیغی جماعت کی بنیاد ہی اس خیال پر رکھی گئی کہ مسلمانوں کو "سچا اسلام" سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
مشہور صوفی خواجہ حسن نظامی بھی یہی تلقین کرتے تھے کہ مسلمان اگر اپنے کردار کو درست کرلیں تو دوسرے مذاہب کے لوگ خود بخود ان کے قریب ہوں گے۔ہندوستانی مسلمانوں میں عام طور پر یہ عقیدہ پایا جاتا ہے کہ "مسلمان اس لیے مصیبت میں ہیں کہ وہ سچے اسلام سے دور ہو گئے ہیں"۔ یہ نظریہ دوسروں کو بری الذمہ نہیں ٹھہراتا، مگر یہ یقین ضرور رکھتا ہے کہ ایک سچا مسلمان کبھی نقصان نہیں اٹھا سکتا۔
میثاق کے نکتہ 27 میں زور دیا گیا ہے کہ
ہمیں فکری انتہاپسندی کے ساتھ ساتھ عسکریت، تشدد اور دہشت گردی کے خلاف بھی جدوجہد کرنی چاہیے، اور نوجوانوں میں اسلامی اقدارِ رواداری، امن اور ہم آہنگی کی تعلیم کو فروغ دینا چاہیے۔
یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ دنیا میں جتنے بھی دہشت گرد گروہ پیدا ہوئے، جیسے القاعدہ، داعش، لشکرِ طیبہ وغیرہ ۔ ان میں سے کوئی بھی بھارت سے نہیں ابھرا۔دنیا کی دوسری بڑی مسلم آبادی رکھنے والا ملک ہونے کے باوجود ہندوستان کبھی دہشت گردی کی نرسری نہیں بنا۔دیوبند، بریلی، تبلیغی جماعت جیسے مکاتبِ فکر ہمیشہ امن، رواداری اور انسان دوستی کا پیغام دیتے رہے ہیں۔عالمی تناظر میں اگرچہ میثاقِ مکہ ایک نیا اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اسلامی تشریحات کا مظہر ہے، لیکن ایک بھارتی مسلمان کے لیے یہ میثاق دراصل ہمارے صدیوں پرانے عقیدے ، امن، بقائے باہمی، اور ہم آہنگی کی ہی تصدیق ہے۔