کیا وندے ماترم مسلمانوں کے خلاف ہے؟

Story by  ثاقب سلیم | Posted by  [email protected] | Date 07-11-2025
کیا وندے ماترم مسلمانوں کے خلاف ہے؟
کیا وندے ماترم مسلمانوں کے خلاف ہے؟

 



ثاقب سلیم 

قوم آج وندے ماترم کے 150 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہی ہے۔ اور ایک ایسا ملک جو کسی بھی مسئلے سے تنازعہ پیدا کرنے میں مہارت رکھتا ہے، اس موقعے کو بھی ہاتھ سے جانے نہیں دے سکتا۔ ممبئی میں سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے کہا، جیسے آپ مجھ سے نماز پڑھنے کی امید نہیں رکھتے، ویسے ہی میں وندے ماترم نہیں گا سکتا۔ سپریم کورٹ واضح کر چکا ہے کہ کسی کو قومی گیت گانے پر مجبور کرنا اس کے مذہبی آزادی اور ضمیر کی آزادی کے بنیادی حق کے خلاف ہے۔ یہ بیان انہوں نے ممبئی بی جے پی صدر امیت ستم کی جانب سے وندے ماترم گانے کی دعوت کے جواب میں دیا۔

1973 میں وندے ماترم پر ہونے والے ایک اسی نوعیت کے تنازعے کے دوران ممتاز ماہر قانون اے۔ جی۔ نورانی نے لکھا تھا کہ اس تنازعے کے پیچھے دراصل دونوں جانب کے فرقہ پرست عناصر کا پروپیگنڈہ ہے۔ اکانومک اینڈ پولیٹیکل ویکلی میں شائع اپنے مضمون میں انہوں نے لکھا، یہ موضوع اپنی فطرت میں ہی حساس ہے۔ قومی گیت وہ ہوتا ہے جو عوام کے جذبات کو ابھارے۔ وندے ماترم نے برسوں یہ کردار ادا کیا ہے۔ اسی لیے ضروری ہے کہ اس پر ہونے والے اعتراضات کو جذبات سے ہٹ کر سنجیدگی اور غیر جانب داری سے سمجھا جائے۔

تو اصل تنازعہ کیا ہے؟ بہت سے مسلمان سمجھتے ہیں کہ وندے ماترم ایک ہندو مذہبی منتر ہے جو دیوی کی پرستش کرتا ہے اور یہ ان کے عقیدے کے خلاف ہے کیونکہ اسلام میں شرک اور بت پرستی سختی سے منع ہے۔ دوسرا مسئلہ بنکم چندر چیٹرجی کے ناول آنند مٹھ کا پس منظر ہے جہاں مسلمانوں کو مخالف کردار کے طور پر دکھایا گیا۔ اسی وجہ سے گیت کو مسلم مخالف سمجھا جانے لگا۔

لیکن دوسری جانب، گیت کے حمایتیوں کا کہنا ہے کہ اس کے ابتدائی دو بندوں کو ناول کے تناظر سے الگ دیکھنا چاہیے کیونکہ ان میں صرف وطن کی تعریف کی گئی ہے۔ رابندر ناتھ ٹیگور جنہوں نے سب سے پہلے اسے دھن دی اور عوامی سطح پر گایا، لکھتے ہیں، اس کے ابتدائی حصے میں ماں دھرتی کے حسن اور برکت کا جو ذکر ہے، وہ مجھے اس قدر پسند آیا کہ میں نے اسے اس کے باقی حصوں اور ناول کے منفی جذبات سے بالکل الگ تصور کیا۔

یہ تنازعہ پہلی بار 1937 میں شدت اختیار کر گیا جب محمد علی جناح نے گیت پر اعتراض کیا۔ ان سے قبل یہ مسئلہ چھوٹے پیمانے پر زیر بحث تھا۔ جناح نے 1938 میں کہا، یہ گیت نہ صرف بت پرستی پر مبنی ہے بلکہ مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کرنے والا بھی ہے۔

تاہم کانگریس کے مسلم رہنماؤں نے اس سے اختلاف کیا۔ رفیع احمد قدوائی نے یاد دلایا کہ جناح خود جب کانگریس میں تھے تو وندے ماترم کے موقع پر کھڑے ہوتے تھے۔ ان کے مطابق جناح کا اعتراض محض بہانہ تھا۔ قدوائی نے 1937 میں بیان دیا، جناح صاحب نے کانگریس اس لیے نہیں چھوڑی کہ وندے ماترم انہیں غیر اسلامی لگا بلکہ اس لیے کہ وہ سوراج کے تصور سے متفق نہ تھے۔

اسی سال پنڈت جواہر لعل نہرو، سبھاش چندر بوس، مولانا ابوالکلام آزاد اور نریندر دیو پر مشتمل ایک کمیٹی بنی جس نے فیصلہ کیا کہ گیت کے پہلے دو بند کسی مذہب کے خلاف نہیں اور انہیں قومی اجتماعات میں گایا جا سکتا ہے۔ مہاتما گاندھی نے ہریجن میں لکھا، کمیٹی کا خیال ہے کہ گیت کے تاریخی پس منظر سے زیادہ اہم اس کا موجودہ قومی کردار ہے۔ لہٰذا سفارش کی جاتی ہے کہ قومی مواقع پر صرف پہلے دو بند گائے جائیں اور اگر کسی کو مناسب لگے تو کسی دوسرے غیر متنازعہ گیت کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ جناح نے یہ مسئلہ تب اٹھایا جب برطانوی حکومت نے قانون ساز اسمبلیوں میں وندے ماترم گانے پر اعتراض کیا تھا۔ سبیاساچی بھٹاچاریہ کے مطابق وائسرائے لنلتھگو نے مدراس کے گورنر کو ہدایت دی تھی کہ وہ مسلمانوں کے جذبات کے احترام میں گیت گانے سے گریز کرائیں۔

اسی دوران بنگال کے رضاالکریم اور بہار کے سید محمود نے وندے ماترم کی حمایت کی۔ مولانا ابوالکلام آزاد، حکیم اجمل خان، ڈاکٹر ایم اے انصاری، شوکت علی حتیٰ کہ خود جناح تک اس گیت کے احترام میں کھڑے ہوا کرتے تھے۔ خلافت تحریک کے زمانے میں مہاتما گاندھی نے شوکت علی کے حوالے سے لکھا کہ انہوں نے کہا کہ ہندو وندے ماترم پکاریں اور مسلمان اللہ اکبر، یہ دو الگ نعرے نہیں ہونے چاہئیں بلکہ تین نعروں پر سب کا اتفاق ہو۔ پہلا اللہ اکبر، دوسرا وندے ماترم یا بھارت ماتا کی جے، اور تیسرا ہندو مسلم کی جے۔

اصل ضرورت زبردستی نہیں بلکہ باہمی احترام اور سمجھ کی ہے۔ نعرے لگوانا یا گانے پر مجبور کرنا وفاداری کی علامت نہیں بلکہ تقسیم پیدا کرتا ہے۔ وہی روح جس کا ذکر مہاتما گاندھی نے کیا تھا ،اعتماد، احترام اور یکجہتی ، آج کے ہندوستان کے لیے سب سے بڑی ضرورت ہے۔