ٹوکیو اولمپکس: جانتے ہیں میڈلز کے لیے سونا چاندی کہاں سے آیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
میڈلز کیسے بنائے گئے؟
میڈلز کیسے بنائے گئے؟

 

 

ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس 2020 کا آغاز ہوچکا ہے،’گو فار گولڈ‘ کے نعرے کےساتھ دنیا میں سب سے پر وقار میڈلز کی جنگ چھڑ گئی ہے۔ اس بار ٹوکیو اولمپکس میں پہلے روز جیتنے والے کھلاڑیوں کو انعام کی صورت میں میڈلز دیے گئے جس میں چین نے ایونٹ کا پہلا گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔

 کورونا وائرس کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر تھامس باخ کی جانب سے فتحیاب کھلاڑیوں کو میڈلز فراہم کیے گئے جو کھلاڑیوں نے خود کو پہنائے۔

دنیا بھر کے ایتھلیٹس کے لیے ایک اولمپک گولڈ میڈل کا حصول سب سے بڑا خواب ہوتا ہے۔ جاپان کے شہر ٹوکیو میں اولمپک مقابلے جاری ہیں جس کے لیے 5 ہزار کے لگ بھگ اولمپک اور پیرا اولمپک میڈلز تیار کیے گئے ہیں۔

 مگر ان میڈلز کی تیاری کی داستان بھی کافی دلچسپ ہے کیونکہ جاپان نے اس کے لیے بھی بہت منفرد حکمت عملی پر عمل کیا۔

 اگر آپ کا خیال ہے کہ گولڈ میڈل کو مکمل طور پر سونے سے تیار کیا گیا ہے تو جان لیں کہ ایسا نہیں، گولڈ میڈلز میں صرف 6 گرام سونا استعمال ہوا ہے جو چڑھانے یا ملمع کاری کے لیے استعمال کیا گیا جبکہ اس کا بیشتر حصہ خالص چاندی پر مشتمل ہے۔

 اس مقصد کے لیے لیے ٹوکیو 2020 میڈل پراجیکٹ اپریل 2017 میں شروع کیا گیا جو مارچ 2019 تک جاری رہا، جس دوران میڈلز کو تیار کیا گیا۔

 سلور میڈل خالص چاندی سے تیار کیا گیا ہے جبکہ برونز میڈل کے لیے 95 فیصد کاپر اور 5 فیصد زنک کو استعمال کیا گیا۔

ویسے تو گولڈ، سلور اور برونز میڈلز کافی حد تک سابقہ گیمز سے ملتے جلتے ہیں مگر ہر میزبان شہر کی جانب سے کچھ منفرد بھی کیا جاتا ہے تاکہ میڈلز دیگر گیمز سے مختلف نظر آئیں۔

 دھاتوں کے حصول کے لیے 78 ٹن سے زیادہ پرانے اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر برقی ڈیوائسز کو اکٹھا کیا گیا، جن سے 32 کلو سے زیادہ سونا، لگ بھگ ساڑھے 3 ہزار کلو چاندی اور 22 سو کلو کانسی کو حاصل کیا گیا۔

 ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ اولمپکس اور پیر المپکس میں جیتنے پر کھلاڑیوں کیلئے کم وبیش 5000 میڈلز جاپانی شہریوں کی جانب سے عطیہ کیے گئے 79 ہزار ٹن موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک اشیا کی مدد سے بنائے گئے ہیں جسے جاپانی ڈیزائنر کاوانی نے ڈیزائن کیا ہے۔

 میڈلز تیار کرنے والوں کو ان برقی آلات سے مطلوبہ مقدار میں سونا، چاندی اور کانسی جمع کرنے میں دو سال کا عرصہ لگا۔