نئی دہلی: انڈین یوتھ کانگریس (آئی وائی سی) نے جمعرات کو قومی دارالحکومت میں 20 جولائی کے "سنسد چلو" مارچ کے دوران طلبہ پر مبینہ طاقت کے استعمال کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ ترنگا اور "امت شاہ مستعفی ہوں" کے نعروں والے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے یوتھ کانگریس کے کارکنان نے کیرالہ ہاؤس سے جنتر منتر تک مارچ کیا۔
اس دوران انہوں نے بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور الزام لگایا کہ مارچ میں شریک طلبہ کے خلاف پولیس نے زیادتی کی۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب نے سوال کیا کہ طلبہ کے خلاف کارروائی کا حکم کس نے دیا تھا اور اس معاملے میں جواب دہی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا، "ملک کے وزیرِ داخلہ میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ لوک سبھا میں آکر بیٹھیں۔ امت شاہ کو جواب دینا ہوگا کہ طلبہ پر حملے کا حکم کس نے دیا؟" ادے بھانو چِب نے کہا کہ یہ معاملہ صرف طلبہ کا نہیں بلکہ ذمہ داری طے کرنے کا ہے۔ انہوں نے کہا، "اگر وزیرِ داخلہ کے حکم پر طلبہ کے خلاف پیلٹ گن اور مہلک طاقت استعمال کی گئی ہے تو ذمہ داری طے ہونی چاہیے، اور اگر یہ سب ان کی معلومات کے بغیر ہوا ہے تو یہ ملک کے داخلی سلامتی کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔ دونوں صورتوں میں جواب دہی ضروری ہے۔"
انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ امت شاہ کو کابینہ سے برطرف کریں، سپریم کورٹ کی نگرانی میں ایک آزاد اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیں اور مبینہ پولیس کارروائی کے ذمہ داروں کا تعین کریں۔ یہ احتجاج کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی جانب سے 20 جولائی کو منعقدہ "سنسد چلو" مارچ کے چند دن بعد کیا گیا۔ اس احتجاج میں پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے والے طلبہ نے الزام لگایا تھا کہ جنتر منتر کے قریب پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج، آنسو گیس اور پیلٹ گن کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہوئے۔