گروگرام، 18 مئی (پی ٹی آئی) — ہریانہ کے ضلع نوح میں 26 سالہ نوجوان کو پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، پولیس حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ ملزم کی شناخت ارمان کے طور پر ہوئی ہے، جسے ہفتہ کے روز اس الزام میں گرفتار کیا گیا کہ وہ بھارتی فوج اور دیگر عسکری سرگرمیوں سے متعلق معلومات پاکستان میں تعینات پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کے ذریعے شیئر کر رہا تھا، نوح پولیس نے بتایا کہ ایک مقامی عدالت نے ارمان کو چھ روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔
پولیس کے مطابق، یہ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں سے ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی۔ارمان مبینہ طور پر کافی عرصے سے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے یہ معلومات پاکستان منتقل کر رہا تھا۔جب اس کا موبائل فون چیک کیا گیا تو پاکستانی نمبروں کے ساتھ چیٹس، تصاویر اور ویڈیوز پائی گئیں ۔ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق، ملزم کے خلاف بی این ایس (بھارتی فوجداری قوانین) اور 1923 کے "آفیشل سیکریٹس ایکٹ" کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔