آبنائے ہرمز کے قریب حملے میں ہماچل پردیش کے نوجوان ملاح آدتیہ شرماہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-06-2026
آبنائے ہرمز کے قریب حملے میں ہماچل پردیش کے نوجوان ملاح آدتیہ شرماہلاک
آبنائے ہرمز کے قریب حملے میں ہماچل پردیش کے نوجوان ملاح آدتیہ شرماہلاک

 



ہمیرپور (ہماچل پردیش): آبنائے ہرمز کے قریب پلاؤ کے پرچم بردار تجارتی جہاز "ایم ٹی سیٹے بیلو" پر ہونے والے حملے میں ہماچل پردیش کے ضلع ہمیرپور سے تعلق رکھنے والے بھارتی ملاح آدتیہ شرما کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد ان کے گھر میں کہرام مچ گیا۔

آدتیہ اس جہاز پر ڈیک کیڈٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ جہاز پر مجموعی طور پر 24 بھارتی ملاح سوار تھے۔ حکام کے مطابق حملے کے بعد 21 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ تین بھارتی ملاح جان کی بازی ہار گئے۔ آدتیہ شرما بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ خبر ملتے ہی اہلِ خانہ صدمے سے نڈھال ہو گئے اور گفتگو کے دوران کئی افراد آبدیدہ ہو گئے۔

خاندان نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور آدتیہ کی میت جلد وطن واپس لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ آدتیہ کے ایک قریبی رشتہ دار نے کہا کہ ان کا سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ جہاز کے کپتان نے کس کی اجازت سے جہاز کو خطرناک راستے پر آگے بڑھایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رکنِ پارلیمان انوراگ ٹھاکر اور ہماچل پردیش حکومت اس واقعے کی تحقیقات کرائیں اور ذمہ دار افراد کا تعین کریں۔

آدتیہ شرما کے چچا نے بتایا کہ بدھ کے روز ان کے بھائی نے فون پر اطلاع دی تھی کہ آدتیہ لاپتا ہیں۔ اس کے بعد وہ جالندھر پہنچے اور پوری رات شپنگ کمپنی کے ساتھ رابطے میں رہے۔ ان کے مطابق کمپنی تعاون تو کر رہی تھی، تاہم مکمل معلومات فراہم نہیں کی جا رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آدتیہ گزشتہ چھ ماہ سے پروبیشن پر ملازمت کر رہے تھے اور رات تقریباً ڈیڑھ سے دو بجے کے درمیان ان کی موت کی اطلاع ملی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آدتیہ کی میت جلد از جلد وطن واپس لائی جائے اور یہ بھی بتایا جائے کہ انہیں بچانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے تھے۔ دریں اثنا، مرکزی وزیر سربانند سونووال نے تین بھارتی ملاحوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اس واقعے کو بھارتی بحری برادری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔

سونووال نے کہا کہ انہوں نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ بچائے گئے ملاحوں کی فوری وطن واپسی اور جاں بحق افراد کی میتوں کی جلد منتقلی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کی آخری رسومات اپنے وطن میں ادا کی جا سکیں۔ ادھر اتر پردیش کے ضلع دیوریا سے تعلق رکھنے والے ایک اور جاں بحق ملاح شیوانند چورسیا کے گھر میں بھی غم کی فضا ہے۔ ان کی موت کی تصدیق کے بعد اہلِ خانہ اور پڑوسی شدید صدمے میں مبتلا ہیں اور کئی افراد رو پڑے۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عمانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔ وزارت کے مطابق عمان کے ساحل کے قریب تجارتی جہاز پر ہونے والے حملے کی مذمت کی گئی ہے اور ریسکیو آپریشن کے سلسلے میں بھارتی سفارت خانہ عمانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

وزارتِ خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی جہازوں پر بار بار ہونے والے حملے انتہائی تشویشناک ہیں اور یہ جاری علاقائی تنازعے کا براہِ راست نتیجہ ہیں۔ بھارت نے ایک بار پھر تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کریں، مذاکرات کو کامیاب بنائیں اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی حل تلاش کریں۔