وراثت کو تباہ کرنے کے لیے باہر والوں کی ضرورت نہیں، اپنے لوگ ہی کافی ہیں: روہنی آچاریہ
پٹنہ/ آواز دی وائس
راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد کی بیٹی روہنی آچاریہ نے ہفتہ کے روز مبینہ طور پر وراثت کو نقصان پہنچانے پر اپنے ہی خاندان کے افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ اس کے لیے کسی بیرونی شخص کی ضرورت نہیں ہوتی۔ آچاریہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کی گئی اپنی پوسٹ میں کسی کا نام نہیں لیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’ان لوگوں کے نشانات مٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے جنہوں نے ایک وراثت کو شناخت اور وجود عطا کیا۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر لکھا کہ بڑی محنت اور لگن سے کھڑی کی گئی ایک عظیم وراثت کو تہس نہس کرنے کے لیے غیروں کی ضرورت نہیں ہوتی، اپنے ہی اور اپنوں میں شامل چند سازشی ‘نئے بنے اپنے’ ہی کافی ہوتے ہیں۔ کسی کا نام لیے بغیر، انہوں نے مزید کہا کہ ’’حیرت تب ہوتی ہے جب جس کی وجہ سے شناخت ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وجود ہوتا ہے، اسی شناخت اور اسی وجود کے نشانات کو بہکاوے میں آ کر اپنے ہی مٹانے اور ہٹانے پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔
آچاریہ نے کہا کہ جب عقل و شعور پر پردہ پڑ جاتا ہے اور غرور سر چڑھ جاتا ہے، تو تب تباہی آنکھ، ناک اور کان بن کر عقل و دانش کو سلب کر لیتی ہے۔قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ پرساد کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کو پارٹی سے نکالے جانے پر ’’ناخوش‘‘ تھیں۔ گزشتہ سال بہار اسمبلی انتخابات میں آر جے ڈی کی کراری شکست کے بعد آچاریہ نے سیاست چھوڑنے اور خاندان سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے گزشتہ سال نومبر میں اپنی ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ میں سیاست چھوڑ رہی ہوں اور میں اپنے خاندان سے ناتا توڑ رہی ہوں… سنجے یادو اور رمیج نے مجھے یہی کرنے کو کہا تھا… اور میں اس کی تمام ذمہ داری خود لیتی ہوں۔
سنجے یادو آر جے ڈی کے راجیہ سبھا رکن ہیں اور آر جے ڈی صدر کے بیٹے اور جانشین تیجسوی یادو کے قریبی اور قابلِ اعتماد ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ رمیج کو تیجسوی کا پرانا دوست بتایا جاتا ہے، جو پڑوسی ریاست اتر پردیش کے ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ روہنی آچاریہ چند سال قبل اپنے والد کو گردہ عطیہ کرنے کے سبب خبروں میں آئی تھیں۔ انہوں نے گزشتہ سال سارن سے لوک سبھا انتخاب بھی لڑا تھا، تاہم انہیں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی تھی۔