یوگی نے کاکوری ٹرین ایکشن کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-12-2025
یوگی نے کاکوری ٹرین ایکشن کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا
یوگی نے کاکوری ٹرین ایکشن کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کے روز ’کاکوری ٹرین ایکشن‘ کے ہیروز کے یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے سرکاری ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہندوستان کے وقار کی لازوال گونج ‘کاکوری ٹرین ایکشن’ کے ہیرو پنڈت رام پرساد بسمل، اشفاق اللہ خاں اور ٹھاکر روشن سنگھ کے یومِ شہادت پر انہیں عاجزانہ خراجِ عقیدت۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مادرِ وطن کے احترام اور آزادی کی شمع کو روشن رکھنے کے لیے آپ سب نے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ آپ کی وراثت ہمیں ہمیشہ قومی مفاد کو اوّلین ترجیح دینے کا عزم عطا کرتی رہے گی۔
وہیں نائب وزیرِ اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے ’ایکس‘ پر کہا کہ بہادری، بے خوفی اور مادرِ وطن سے اٹوٹ وابستگی کی علامت امر شہید پنڈت رام پرساد بسمل جی، اشفاق اللہ خاں جی اور روشن سنگھ جی کے یومِ شہادت پر عاجزانہ خراجِ عقیدت۔
موریہ نے اپنی پوسٹ میں کہا  کہ ‘کاکوری ٹرین ایکشن’ کے ذریعے ان امر مجاہدوں نے برطانوی حکومت کی بنیادیں ہلا دیں۔ نوجوانوں اور وطن سے محبت کرنے والوں کو منظم کر کے آزادی کی جدوجہد کے لیے جوش بھرنے والے ان عظیم انقلابیوں کی بے مثال جرأت اور قربانی ہمیشہ قوم کی یادوں میں زندہ رہے گی۔
نائب وزیرِ اعلیٰ برجیش پاٹھک نے بھی ’ایکس‘ پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کے لیے ہنستے ہنستے اپنی جانوں کی قربانی دے کر انقلاب کی شمع روشن کرنے والے عظیم انقلابی، امر شہید رام پرساد بسمل جی، اشفاق اللہ خاں جی اور ٹھاکر روشن سنگھ جی کے یومِ شہادت پر انہیں عاجزانہ خراجِ عقیدت۔
واضح رہے کہ 9 اگست 1925 کو کاکوری میں ہندوستانی آزادی کے متوالوں نے برطانوی راج کے خلاف انقلاب کے لیے اسلحہ خریدنے کے مقصد سے برطانوی حکومت کا خزانہ لوٹ لیا تھا۔ 19 دسمبر 1927 کو رام پرساد بسمل کو گورکھپور، روشن سنگھ کو ملاکا (نینی) جیل اور اشفاق اللہ خاں کو فیض آباد (ایودھیا) جیل میں پھانسی دی گئی، جبکہ راجندر لاہڑی کو اس سے دو دن پہلے 17 دسمبر کو گونڈا جیل میں تختۂ دار پر لٹکایا گیا تھا۔ سال 2021 میں اتر پردیش حکومت نے اس انقلابی واقعے کا نام تبدیل کر کے ’کاکوری ٹرین ایکشن‘ رکھ دیا۔ اس کے بعد سرکاری مواصلات میں اسی نام کا استعمال ہونے لگا، جبکہ پہلے اسے عام طور پر ‘کاکوری ٹرین ڈکیتی’ یا ‘کاکوری ٹرین سازش’ کہا جاتا تھا۔
دریں اثنا، شاہجہاں پور سے موصولہ خبر کے مطابق ضلع شاہجہاں پور کے رہنے والے شہید انقلابیوں کے اعزاز میں جمعہ کے روز مقامی سطح پر تعطیل رہی۔ پنڈت رام پرساد بسمل، اشفاق اللہ خاں اور ٹھاکر روشن سنگھ اسی ضلع کے رہائشی تھے۔ اشفاق اللہ خاں کے پوتے نے مطالبہ کیا ہے کہ اسکولوں میں شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد طلبہ و طالبات کو مختلف تقاریب کے ذریعے ان کی قربانیوں کے بارے میں بتایا جائے، تاکہ بچوں میں بھی حب الوطنی کا جذبہ بیدار ہو۔
انقلابی اشفاق اللہ خاں کے پوتے اشفاق اللہ خاں نے بتایا کہ ان کے دادا کی خواہش تھی کہ ان کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے۔ انہوں نے یہ خواہش جیل میں آخری ملاقات کے دوران اپنے بھائی سے ظاہر کی تھی، اسی لیے ان کی پیدائش پر ان کا نام بھی اشفاق اللہ خاں رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شاہجہاں پور میں حکومت نے آج کے دن مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ اسکولوں میں تعطیل کے ساتھ ساتھ خراجِ عقیدت کی تقریبات بھی ہوں اور اساتذہ بچوں کو یہ بھی بتائیں کہ کس طرح ہمارے ضلع کے انقلابی ہنستے ہنستے پھانسی کے پھندے پر جھول گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ سرکاری نصاب میں بھی انقلابیوں پر باقاعدہ اسباق شامل کیے جائیں۔