نئی دہلی: اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتے کے روز مغربی بنگال کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے والے شبھندو ادھیکاری کو مبارکباد دی اور انہیں زعفرانی (بھگوا) انگرکھا پہنایا۔ کولکتہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں مغربی بنگال کی پہلی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی شاندار حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقع پر یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔ آدتیہ ناتھ نے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے والے شبھندو ادھیکاری کو مبارکباد دی اور ان کے روشن دورِ حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ایک بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ادھیکاری کو اسٹیج پر زعفرانی انگرکھا بھی پہنایا۔
آدتیہ ناتھ نے وزارتی عہدے کا حلف لینے والے دلیپ گھوش، اگنی مترا پال، اشوک کیرتنیا، چھدیرام ٹڈو اور نشیتھ پرمانک کو بھی مبارکباد دی۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران شبھندو ادھیکاری نے ایک جلسے میں یوگی آدتیہ ناتھ کو زعفرانی انگرکھا پہناتے ہوئے ان کا بنگال کی سرزمین پر استقبال کیا تھا۔