سنگاپور
اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کے روز سنگاپور کے وزیرِ افرادی قوت اور وزیرِ انچارج توانائی و سائنس و ٹیکنالوجی تان سی لِینگ، اور سنگاپور کوآپریشن انٹرپرائز کے چیف ایگزیکٹو افسر کانگ وائی مُن سے تفصیلی ملاقات کی۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے انویسٹ یوپی اور سنگاپور کوآپریشن انٹرپرائز کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب دیکھی، جس کا مقصد ایک اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنا ہے۔
اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ نے ایکس پر لکھا كہ ڈاکٹر تان سی لِینگ، وزیرِ افرادی قوت اور وزیرِ انچارج توانائی و سائنس و ٹیکنالوجی، سنگاپور، اور مسٹر کانگ وائی مُن، چیف ایگزیکٹو افسر، سنگاپور کوآپریشن انٹرپرائز کے ساتھ بامعنی گفتگو ہوئی۔ انویسٹ یوپی اور سنگاپور کوآپریشن انٹرپرائز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا، جس کے تحت ادارہ جاتی صلاحیت سازی، پالیسی فریم ورک کی تیاری اور منظم علم کے تبادلے پر مبنی اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی جائے گی، تاکہ اتر پردیش میں پائیدار اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تقویت دی جا سکے۔
وزیرِ اعلیٰ نے سیٹس کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر کیری موک سے بھی ملاقات کی۔ ان کی موجودگی میں سیٹس لمیٹڈ نے نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جیوَر میں عالمی معیار کے کارگو کمپلیکس کی تعمیر کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، اس کے ساتھ تاج سیٹس ایئر کیٹرنگ کچن کے قیام کا بھی معاہدہ کیا گیا، جو جیوَر کے علاوہ شمالی ہندوستان کے دیگر ہوائی اڈوں کو بھی خدمات فراہم کرے گا۔
وزیرِ اعلیٰ نے ایکس پر کہا كہ آج سنگاپور میں سیٹس کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر مسٹر کیری موک کے ساتھ مفید گفتگو ہوئی۔ ان کی موجودگی میں سیٹس لمیٹڈ نے نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جیوَر میں عالمی معیار کے کارگو کمپلیکس کی تعمیر اور تاج سیٹس ایئر کیٹرنگ کچن کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ یہ شراکت داری تجارت کو فروغ دے گی، سپلائی چین کو مضبوط کرے گی اور روزگار کے بڑے مواقع پیدا کرے گی، جس سے اتر پردیش کو ہوا بازی اور لاجسٹکس کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر مزید استحکام ملے گا۔
واضح رہے کہ اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بائیس سے چوبیس فروری تک سنگاپور کے سرکاری دورے پر ہیں، جس کا مقصد اتر پردیش اور سنگاپور کے درمیان اقتصادی تعاون، ادارہ جاتی شراکت داری اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنا ہے۔