نئی دہلی ریزرو بینک آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق میکرو اکنامک بنیادیات اور اقتصادی اصلاحات پر مسلسل توجہ کے باعث عالمی سطح پر بڑھتی غیر یقینی صورتحال کے باوجود بھارتی معیشت کے تیز رفتار ترقی کے راستے پر برقرار رہنے کی توقع ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2025 میں عالمی تجارتی پالیسیوں میں غیر معمولی تبدیلی دیکھی گئی جس کے تحت کئی ممالک نے محصولات اور تجارتی شرائط پر دو طرفہ نظرثانی کی طرف رخ کیا۔ ان تبدیلیوں کے عالمی تجارت اور سپلائی چین پر اثرات اب بھی سامنے آ رہے ہیں جس سے عالمی ترقی کے امکانات کے بارے میں تشویش اور غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2025 میں عالمی تجارتی پالیسیوں میں غیر معمولی تبدیلی آئی اور بھارتی معیشت بیرونی شعبے کے دباؤ سے مکمل طور پر محفوظ نہیں رہی تاہم میکرو اکنامک بنیادیات اور اقتصادی اصلاحات پر مسلسل توجہ سے کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور تیزی سے بدلتے عالمی ماحول میں معیشت کو مضبوط ترقی کی راہ پر قائم رکھا جا سکے گا۔
رپورٹ میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ مہنگائی کا سازگار منظرنامہ مالیاتی پالیسی کے لیے ترقی کو سہارا دینے کی مناسب گنجائش فراہم کرتا ہے۔ میکرو اکنامک بنیادیات کو مضبوط بنانے اور اقتصادی اصلاحات کو آگے بڑھانے پر مسلسل زور سے کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں بہتری آئے گی جس سے بھارت کی ترقی کی رفتار مزید مستحکم ہوگی۔
مالی منڈیوں کے حوالے سے آر بی آئی نے کہا کہ سال کے بیشتر حصے میں شیئر بازار مضبوط رہے جس کی بڑی وجہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حوالے سے خوش بینی تھی۔ تاہم بلند قدر بندی کے بارے میں خدشات کے باعث حالیہ دنوں میں شیئر بازار میں محتاط رجحان دیکھا گیا ہے اور ابھرتی معیشتوں میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری کی رفتار بھی سست ہوئی ہے جو عالمی سطح پر بڑھتی احتیاط کی عکاس ہے۔
رپورٹ میں 5 دسمبر کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی قرارداد کا حوالہ دیا گیا جس میں سال 2025 26 کے لیے بھارت کی شرح نمو کے تخمینے کو 50 بیسس پوائنٹس بڑھا کر 7.3 فیصد کر دیا گیا جو اکتوبر کے دو ماہہ جائزے میں 6.8 فیصد تھا۔ اسی کے ساتھ سال 2025 26 کے لیے سی پی آئی مہنگائی کے تخمینے کو 60 بیسس پوائنٹس کم کر کے 2.0 فیصد کر دیا گیا جو پہلے 2.6 فیصد تھا۔
نومبر کے لیے اعلیٰ فریکوئنسی اشاریوں سے ظاہر ہوا کہ گھریلو معیشت میں مجموعی اقتصادی سرگرمی مستحکم رہی اور طلب کی صورتحال مضبوط بنی رہی۔ اگرچہ مجموعی سی پی آئی مہنگائی میں معمولی اضافہ ہوا لیکن یہ اب بھی نچلی حد سے کم رہی۔ مالی حالات سازگار رہے اور تجارتی شعبے کو مالی وسائل کی فراہمی مسلسل جاری رہی۔
آر بی آئی نے مزید کہا کہ سال 2025 26 کی دوسری سہ ماہی میں بھارت کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں کم ہوا جس کی وجہ اشیائے تجارت کے خسارے میں کمی مضبوط خدماتی برآمدات اور ترسیلات زر میں مضبوط اضافہ رہا۔
مجموعی طور پر رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور مضبوط اقتصادی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہے۔