جمنا ندی کا بڑھتا ہوا پانی دہلی کے کئی حصوں میں شدید سیلاب کا باعث

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2025
جمنا ندی کا بڑھتا ہوا پانی دہلی کے کئی حصوں میں شدید سیلاب کا باعث
جمنا ندی کا بڑھتا ہوا پانی دہلی کے کئی حصوں میں شدید سیلاب کا باعث

 



جمنا ندی کے پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ بدھ کے روز دہلی کے کئی حصوں میں شدید سیلاب کا باعث بنا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر انخلا اور امدادی اقدامات شروع کیے گئے۔ندی کے کنارے نچلے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جن میں جمنا کھدر، مایور وہار فیز-1 اور نگم بودھ گھاٹ شامل ہیں جو پانی میں ڈوب گئے۔ سیلابی پانی مناسٹری مارکیٹ اور قریبی رہائشی و تجارتی علاقوں میں بھی داخل ہوگیا۔اسی دوران متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جن میں جمنا کھدر اور مایور وہار فیز-1 شامل ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے اپنی کارروائیوں میں تیزی کردی ہے۔

این ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ گیانیشور سنگھ نے تصدیق کی کہ کئی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ انہوں نے اے این آئی کو بتایاکہ  نچلے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ہماری ٹیمیں گزشتہ رات سے یہاں تعینات ہیں۔۔۔14-18 ٹیمیں تیار حالت میں ہیں۔۔۔4 ٹیمیں یہاں تعینات ہیں۔اس کے علاوہ جمنا بازار میں بھی رہائشیوں کو گھروں میں پانی داخل ہونے کے بعد محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔پرانی عثمان پور اور پرانی گڑھی میندو کے دیہات میں بھی یہی صورتحال پیدا ہوگئی۔ خاندانوں کو اپنے مویشیوں کے ساتھ گھروں کو خالی کرنے پر مجبور ہونا پڑا کیونکہ جمنا ندی کے اوپر بہنے والے پانی نے دونوں دیہاتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

پرانی عثمان پور کے ایک رہائشی راکیش نے اے این آئی کو بتایاکہ پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یہ کئی گھروں میں داخل ہوچکا ہے۔ ہمیں دو دن پہلے ہی گھر خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اب یہاں امدادی خیمے لگائے گئے ہیں۔ انتظامیہ ہمارے ساتھ ہے، لیکن سہولیات بالکل نہیں ہیں۔ اس گاؤں میں تقریباً 2,500 لوگ اپنے مویشیوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ تمام جانوروں کو وقت پر بچا لیا گیا۔"

یہ سیلاب صرف دہلی تک محدود نہیں۔ اتر پردیش کے نوئیڈا سیکٹر 167 میں جمنا ندی کے اطراف بھی پانی بھر گیا ہے، کیونکہ مسلسل بارش کے بعد ندی کا پانی بڑھتا جارہا ہے۔

آج صبح دہلی میں جمنا ندی کی سطح خطرے کی حد کو پار کر گئی۔ شہر کے لیے وارننگ لیول 204.5 میٹر ہے، جبکہ خطرے کی حد 205.33 میٹر ہے۔ 206 میٹر پر لوگوں کے انخلا کا عمل شروع ہوتا ہے۔ پچھلے چند دنوں سے دہلی میں مسلسل موسلادھار بارش کے باعث پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔

ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں اور نچلے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات ہند (آئی ایم ڈی) کے مطابق آج کے لیے پیشن گوئی ہے: "عام طور پر ابر آلود آسمان اور درمیانی بارش"۔
کل کے لیے: "گرج کے ساتھ بارش"۔
5
ستمبر کے لیے: "عام طور پر ابر آلود آسمان اور درمیانی بارش"۔
6
ستمبر کے لیے: "گرج کے ساتھ بارش"۔
7
اور 8 ستمبر کے لیے: "عام طور پر ابر آلود آسمان"۔