واشنگٹن
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے مئی 2025 میں آپریشن سیندور کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو ختم کرایا۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ٹیرف کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اس تنازع کو روکا۔
ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا كہ دیکھیں، میں نے آٹھ جنگیں رکوائیں۔ ان آٹھ میں سے کم از کم چھ جنگیں ٹیرف کی وجہ سے رکی ہیں۔ دوسرے الفاظ میں، میں نے کہا کہ اگر تم یہ جنگ ختم نہیں کرو گے تو میں تم پر ٹیرف لگا دوں گا، کیونکہ میں نہیں چاہتا کہ لوگ مارے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا اس سے کیا تعلق ہے؟ میں نے کہا کہ تم پر ہندوستان اور پاکستان کی طرح ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔ میری رائے میں یہ ایک ایٹمی جنگ بن سکتی تھی۔ وہ واقعی ایک دوسرے پر حملہ آور تھے۔ دس طیارے مار گرائے گئے۔ صورتحال انتہائی سنگین تھی۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم نے مبینہ طور پر ان کے کردار کو تسلیم کیا اور کہا کہ ٹرمپ نے خطے میں کشیدگی کم کرا کے "کم از کم ایک کروڑ جانیں بچائیں"۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تین دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری تنازع کو صرف ڈیڑھ دن میں ختم کرا دیا۔
انہوں نے کہا كہ آپ جانتے ہیں، پاکستان کے وزیرِ اعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے کم از کم ایک کروڑ جانیں بچائیں جب انہوں نے ہمیں لڑائی روکنے پر آمادہ کیا، کیونکہ میری رائے میں اگر ٹیرف نہ ہوتے تو وہ ایٹمی جنگ کی طرف جا رہے تھے۔ میں نے کئی ممالک سے کہا کہ وہ ہمارے ساتھ کاروبار کرتے ہیں۔ میں نے کہا کہ اگر تم آذربائیجان کے ساتھ لڑائی جاری رکھو گے—اور وہ جنگ تقریباً 32 سال سے چل رہی تھی ۔ تو ہم تم پر ٹیرف عائد کریں گے۔ میں نے وہ جنگ ایک دن، بلکہ ڈیڑھ دن میں ختم کرا دی۔امریکی صدر بارہا یہ دعویٰ دہراتے رہے ہیں کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، اور ان کا کہنا ہے کہ تجارت اور ٹیرف تنازعات کو روکنے کے لیے امریکہ کے مؤثر اوزار ہیں۔
تاہم، ہندوستان نے مسلسل ٹرمپ کے ان دعوؤں کی تردید کی ہے اور واضح کیا ہے کہ جنگ بندی دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فوجی رابطوں، یعنی ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز کے ذریعے، کسی تیسرے فریق کی مداخلت کے بغیر طے پائی تھی۔
ہندوستان نے اپنے دیرینہ مؤقف کو بھی دہرایا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تمام مسائل، بشمول جموں و کشمیر سے متعلق امور، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ طور پر ہی حل کیے جائیں گے۔