عالمی یومِ سائیکل: نوجوان سائیکلنگ اپنائیں، منسکھ منڈاویا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-06-2026
عالمی یومِ سائیکل: نوجوان سائیکلنگ اپنائیں، منسکھ منڈاویا
عالمی یومِ سائیکل: نوجوان سائیکلنگ اپنائیں، منسکھ منڈاویا

 



نئی دہلی: عالمی یومِ سائیکل کے موقع پر مرکزی وزیرِ کھیل منسکھ منڈاویا نے ملک کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سائیکل چلانے کو اپنی روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ صرف ورزش یا شوق نہیں بلکہ ایک صحت مند، سستا اور ماحول دوست طرزِ زندگی کی علامت ہے۔

وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں منسکھ منڈاویا نے کہا کہ سائیکلنگ جسمانی صحت کو بہتر بنانے، ذہنی سکون فراہم کرنے اور ماحول کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کے مطابق سائیکل چلانا صحت اور ماحول دونوں کے لیے سب سے سستا، خوشگوار اور پائیدار ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائیکل کے زیادہ استعمال سے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی اور پٹرول و ڈیزل کی بچت ہوگی، جس سے ملک کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ منسکھ منڈاویا نے یاد دلایا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی بھی شہریوں کو ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں پر انحصار کم کرنے کی ترغیب دیتے رہے ہیں، اور اس مقصد کے لیے سائیکلنگ ایک مؤثر متبادل ہے۔

وزیرِ کھیل نے کہا کہ "سنڈیز آن سائیکل" جیسی مہمات نے وزیرِ اعظم کے "فٹ انڈیا موومنٹ" کو نئی رفتار دی ہے اور ملک بھر میں لاکھوں نوجوان اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، جس سے یہ ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ اتوار کو منعقد ہونے والا "سنڈیز آن سائیکل" پروگرام عالمی یومِ سائیکل کے نام کیا جائے گا۔

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس میں جوش و خروش سے شرکت کریں، فٹ انڈیا ایپ پر رجسٹریشن کرائیں اور اپنے دوستوں اور اہلِ خانہ کو بھی اس مہم میں شامل کریں۔ اس موقع پر انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جگدیش راجیش نے کہا کہ سائیکلنگ کو روزمرہ معمولات کا حصہ بنایا جانا چاہیے کیونکہ یہ نہ صرف صحت کے لیے مفید ہے بلکہ ماحول دوست بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائیکلوں کے بڑھتے ہوئے استعمال سے ملک میں آلودگی کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ دریں اثنا، بی وائی سی ایس انڈیا فاؤنڈیشن کے دہلی سائیکل میئر دلیپ سنگھ سبروا نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ’’سائیکل ٹو ورک‘‘ ثقافت کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آلودگی، صحت کے مسائل اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں جیسے چیلنجز کا آسان حل سائیکل ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سائیکلنگ کو ایک نئے فیشن، جدید طرزِ زندگی اور روزمرہ معمول کا حصہ بنائیں۔