خواتین کا ریزرویشن ایک بہانہ ہے، ریزرویشن ہی اصل ہدف ہے: کانگریس

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-06-2026
خواتین کا ریزرویشن ایک بہانہ ہے، ریزرویشن ہی اصل ہدف ہے: کانگریس
خواتین کا ریزرویشن ایک بہانہ ہے، ریزرویشن ہی اصل ہدف ہے: کانگریس

 



نئی دہلی
کانگریس نے بدھ کے روز الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت خواتین کے لیے ریزرویشن نافذ کرنے کے نام پر دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن اس کے پیچھے اصل مقصد ریزرویشن کے نظام کو ختم کرنا ہے۔پارٹی کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے پی ٹی آئی-ویڈیو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر حکومت واقعی خواتین کو ریزرویشن دینا چاہتی ہے تو موجودہ 543 لوک سبھا نشستوں میں سے ایک تہائی نشستیں خواتین کے لیے مختص کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے لیے نہ تو نشستوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے اور نہ ہی حلقہ بندی کے عمل کو خواتین کے ریزرویشن سے جوڑنے کی کوئی ضرورت ہے۔جئے رام رمیش نے الزام لگایا کہ اپوزیشن جماعتوں میں توڑ پھوڑ کر کے دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ آئین میں بڑے پیمانے پر ترمیم کی جا سکے اور بعد میں ریزرویشن کو ختم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ فوری ہدف حلقہ بندی ہو سکتا ہے، لیکن اصل نشانہ ریزرویشن ہے۔ 2024 کے انتخابات کے بعد سامنے آنے والے واقعات سے اس خدشے کو مزید تقویت ملی ہے۔
ریزررویشن سے متعلق آئینی دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کے ابتدائی برسوں میں پنڈت جواہر لعل نہرو اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ریزرویشن کے نظام کے تحفظ کے لیے آئینی ترمیم لے کر آئے تھے، لیکن شیاما پرساد مکھرجی نے اس کی مخالفت کی تھی۔
رمیش کے مطابق ریزرویشن کے خلاف یہ رویہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے نظریاتی پس منظر سے جڑا ہوا ہے۔انہوں نے بی جے پی کے اس الزام کو بھی مسترد کر دیا کہ اپوزیشن نے رواں سال اپریل میں لوک سبھا میں آئینی ترمیمی بل کے خلاف ووٹ دے کر خواتین کے ریزرویشن کی مخالفت کی تھی۔کانگریس کے سینئر رہنما نے واضح کیا کہ اپوزیشن نے صرف حلقہ بندی سے متعلق شقوں کی مخالفت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کے خلاف کسی نے ووٹ نہیں دیا۔ جس انداز میں حلقہ بندی کی تجویز پیش کی گئی تھی، اپوزیشن جماعتوں نے صرف اس کی مخالفت کی تھی۔
انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا واضح مؤقف ہے کہ موجودہ 543 لوک سبھا نشستوں میں سے ایک تہائی نشستیں خواتین کے لیے مختص کی جائیں اور اس فیصلے کو اگلے لوک سبھا انتخابات سے نافذ کیا جائے۔