خواتین ریزرویشن بل ایک عمل ہے... اسے مسئلہ نہ بنائیں: کرن رجیجو

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-04-2026
خواتین ریزرویشن بل  ایک عمل ہے... اسے مسئلہ نہ بنائیں: کرن رجیجو
خواتین ریزرویشن بل ایک عمل ہے... اسے مسئلہ نہ بنائیں: کرن رجیجو

 



نئی دہلی
 مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن ریجیجو نے جمعہ کے روز کہا کہ خواتین کے لیے ریزرویشن سے متعلق بل کا نفاذ ایک باضابطہ طریقۂ کار کا حصہ ہے اور اسے سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت ضروری قانونی ترامیم پر کام کر رہی ہے اور قانون کو نافذ کرنے کے لیے باضابطہ اعلان جاری کیا جا چکا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ یہ ایک عمل ہے۔ ہم اس وقت قانون میں ترمیم کر رہے ہیں۔ پرانا قانون نافذ نہیں ہو سکا تھا، اسی لیے اس کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ اس عمل کو مسئلہ نہ بنایا جائے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آج لوک سبھا میں آئین کی ایک سو اکتیسویں ترمیم سے متعلق بل 2026 پر بحث اور ووٹنگ جاری رہنے والی ہے، جس کے تحت پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد نشستیں مختص کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ مرکزی زیر انتظام علاقوں کے قوانین میں ترمیم کا بل 2026 بھی شامل ہے، جس کے ذریعے دہلی اور جموں و کشمیر میں بھی اس کا اطلاق ہوگا، جبکہ حد بندی سے متعلق بل بھی زیر غور ہے، جس کے تحت لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر 850 تک کی جا سکتی ہے اور حلقہ بندی ازسرِ نو کی جائے گی۔
اس سے قبل جمعرات کو لوک سبھا میں خواتین کے ریزرویشن بل میں ترامیم پر تقریباً 12 گھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس میں اس شرط کو ختم کرنے پر بحث ہوئی کہ اس بل کو صرف مردم شماری کے بعد ہی نافذ کیا جائے۔حتمی ووٹنگ کے مطابق، کل 333 ووٹوں میں سے 251 حق میں اور 185 مخالفت میں ڈالے گئے۔ 251 ووٹوں کی اکثریت کے ساتھ آئینی ترمیمی بل 2026 اور حد بندی بل سمیت تینوں بل لوک سبھا میں پیش کر دیے گئے۔اس بحث میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی رہنماؤں نے حصہ لیا۔ اپوزیشن کی جانب سے اکھلیش یادو، اسدالدین اویسی اور کے سی وینوگوپال بھی اس بحث میں شریک ہوئے۔
اپوزیشن اراکین نے اس آئینی ترمیم پر تشویش ظاہر کی، جس کے تحت حد بندی کر کے لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر 850 تک بڑھانے کی تجویز ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اس قانون سازی سے جنوبی ریاستوں کی نمائندگی کم ہو سکتی ہے۔