مدورئی۔ مدراس ہائی کورٹ کی مدورئی بنچ نے فیصلہ دیا ہے کہ لیو اِن ریلیشن شپ میں رہنے والی خواتین کو تحفظ یقینی بنانے کے لیے بیوی کا درجہ دیا جانا چاہیے۔ عدالت نے قدیم گندھرو شادی کے تصور کا حوالہ بھی دیا۔
یہ اہم فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب عدالت نے ایک ایسے شخص کی پیشگی ضمانت کی درخواست خارج کر دی جس پر شادی کے جھوٹے وعدے پر خاتون سے جسمانی تعلق قائم کرنے کا الزام تھا۔
جسٹس ایس سری متھی نے کہا کہ عدالتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جدید تعلقات میں کمزور خواتین کا تحفظ کریں کیونکہ لیو اِن ریلیشن شپ میں رہنے والی خواتین کو شادی شدہ خواتین جیسا قانونی تحفظ حاصل نہیں ہوتا۔
انہوں نے یہ ریمارکس اس وقت دیے جب تروچراپلی ضلع کے منپّرائی آل ویمن پولیس اسٹیشن کی جانب سے گرفتار شخص کی درخواست پر سماعت ہو رہی تھی۔
استغاثہ کے مطابق ملزم ایک خاتون کے ساتھ لیو اِن ریلیشن شپ میں تھا اور اس نے شادی کا وعدہ کر کے کئی مرتبہ جسمانی تعلق قائم کیا لیکن بعد میں اپنے وعدے سے پھر گیا۔
درخواست مسترد کرتے ہوئے جج نے کہا کہ عدالتوں کا فرض ہے کہ وہ جدید تعلقات کے نظام میں خواتین کو تحفظ فراہم کریں۔
جج نے کہا کہ مرد اکثر اس قانونی خلا کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ابتدا میں خود کو جدید ظاہر کرتے ہیں لیکن تعلق خراب ہونے پر عورت کے کردار پر سوال اٹھانے لگتے ہیں۔
عدالت نے بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعہ 69 کا حوالہ دیا جس کے تحت دھوکے یا شادی کے جھوٹے وعدے پر قائم کیے گئے جسمانی تعلق کو جرم مانا گیا ہے۔
جج نے کہا کہ اگرچہ بھارت میں لیو اِن ریلیشن شپ کو ایک ثقافتی جھٹکا سمجھا جاتا رہا ہے لیکن اب یہ عام ہو چکا ہے۔ بہت سی نوجوان خواتین اسے جدید انتخاب سمجھ کر اپناتی ہیں لیکن بعد میں انہیں احساس ہوتا ہے کہ قانون خود بخود شادی جیسا تحفظ فراہم نہیں کرتا۔
جسٹس سری متھی نے زور دیا کہ جو مرد شادی کے وعدے سے پیچھے ہٹتے ہیں وہ قانونی کارروائی سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شادی ممکن نہ ہو تو مرد کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ دفعہ 69 اس وقت ایسی خواتین کے تحفظ کے لیے ایک اہم شق ہے۔
عدالت نے کہا کہ ملزم کے خلاف دفعہ 69 کے تحت ابتدائی طور پر مضبوط معاملہ بنتا ہے اسی لیے اسے پیشگی ضمانت دینے سے انکار کر دیا گیا۔
جج نے مزید کہا کہ ایک تشویشناک رجحان یہ ہے کہ لیو اِن ریلیشن شپ میں شامل ہونے والے مرد بعد میں عورت کے کردار پر انگلی اٹھانے لگتے ہیں۔ تعلق کے دوران خود کو جدید سمجھتے ہیں لیکن حالات خراب ہونے پر عورت کو بدنام کرنے لگتے ہیں۔