نئی دہلی
کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کے معاملے پر مودی حکومت پر مسلسل حملہ آور ہیں۔ اسی سلسلے میں اب راہل گاندھی نے گِگ ورکرز کے مسئلے پر بھی مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ پیر کے روز انہوں نے دعویٰ کیا کہ خواتین گِگ ورکرز ناانصافی اور استحصال کا سامنا کر رہی ہیں، لیکن مرکز اور کئی ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں آنکھیں بند کیے بیٹھی ہیں۔
خواتین گِگ ورکرز سے راہل گاندھی کی گفتگو
راہل گاندھی نے حال ہی میں اپنے ’جنسنسد‘ پروگرام کے دوران خواتین گِگ ورکرز کے ایک گروپ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل پر بات چیت کی۔ گزشتہ چند مہینوں سے راہل گاندھی سماج کے مختلف طبقات کے لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں، جسے انہوں نے ’جنسنسد‘ کا نام دیا ہے۔
راہل گاندھی نے فیس بک پوسٹ میں کہا كہ چند دن پہلے جنسنسد میں گِگ ورکرز کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات ہوئی۔ گفتگو سے یہ بات واضح ہوئی کہ گِگ معیشت کے فوائد مزدوروں تک پہنچانے کے لیے مضبوط اور ذمہ دار سرکاری کارروائی بے حد ضروری ہے۔
راہل گاندھی کا کہنا ہے كہ آج گِگ ورکرز کے پاس نہ مستقل آمدنی ہے، نہ سماجی تحفظ، نہ علاج یا بیمہ جیسی بنیادی سہولیات۔ کام اور ذاتی زندگی کا توازن بگڑ چکا ہے اور بنیادی انسانی وقار بھی چھینا جا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا كہ خواتین گِگ ورکرز دوہرے استحصال کا شکار ہیں۔ ایک طرف معاشی عدم تحفظ ہے تو دوسری جانب عزت اور سلامتی کا فقدان۔ تعاون دینے کے بجائے ان سے محنت کی عزت چھینی جا رہی ہے۔ اس نظام میں طبقاتی اور ذات پر مبنی امتیاز گہرائی سے جڑا ہوا ہے۔ گِگ ورک کے شعبے میں دلت اور آدیواسی برادریوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد شامل ہے، جن کے ساتھ استحصال اور بھی بڑھ جاتا ہے۔
بی جے پی پر راہل گاندھی کا حملہ
راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ مرکز اور ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں اس ناانصافی پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔ نہ کوئی مضبوط قانون ہے، نہ سماجی تحفظ، اور نہ ہی گِگ کمپنیوں کی کوئی جواب دہی طے کی گئی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا كہ کانگریس کی حکومتیں حقوق پر مبنی قوانین پر کام کر رہی ہیں، تاکہ گِگ ورکرز کو سماجی تحفظ، کم از کم آمدنی اور برابری کا حق مل سکے۔ ہم اپنی ریاستوں میں ایک نمونہ قانونی ڈھانچہ تیار کر رہے ہیں، جسے پورے ملک میں نافذ کیا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گِگ ورکرز کی جدوجہد صرف روزگار کی نہیں، بلکہ یہ عزت، سلامتی اور سماجی انصاف کی لڑائی ہے۔