راہل گاندھی کے جھوٹے بیانات کو ایوان کی کارروائی سے ہٹانے کی درخواست کریں گے: رجیجو
نئی دہلی
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجونے بدھ کے روز الزام عائد کیا کہ راہل گاندھی کی تقریر ’’جھوٹ سے بھری ہوئی‘‘ تھی اور حکمراں اتحاد لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف کی جانب سے کیے گئے ’’جھوٹے‘‘ دعوؤں کو ایوان کی کارروائی سے حذف کرنے کی درخواست کرے گا۔
مرکزی بجٹ پر بحث کے دوران راہل گاندھی کی تقریر کے فوراً بعد رجیجیو نے کہا کہ حکمراں اتحاد کے ارکان اسپیکر کو ایک نوٹس دیں گے، جس میں قائدِ حزبِ اختلاف کی جانب سے دیے گئے بیانات کی تصدیق کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا كہ راہل گاندھی نے جو بھی جھوٹ بولا ہے، ہم اسے ریکارڈ سے حذف کرنے کا مطالبہ کریں گے۔
اگرچہ راہل گاندھی نے اپنے بیانات کو ثابت کرنے کا وعدہ کیا ہے، لیکن وزیر نے کہا كہ مجھے معلوم ہے کہ وہ انہیں ثابت نہیں کر سکتے کیونکہ انہوں نے جھوٹ بولا ہے۔ انہوں نے ایوان میں جھوٹ بولا ہے۔ رجیجیو نے الزام لگایا کہ کانگریس کے لیڈر اکثر جان بوجھ کر جھوٹ بولتے ہیں اور پھر متعلقہ وزیر کا جواب سنے بغیر ایوان چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کے پاس لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف کے منصب کے لائق سنجیدہ مزاج کا کوئی شخص نہیں ہے۔ انہوں نے کہا كہ ہماری پارٹی کا مؤقف یہ ہے کہ ہم راہل گاندھی کے جھوٹ کا جواب ایوان کے باہر دیں گے، لیکن ایوان کے اندر نوٹس جاری کیا جائے گا۔ رجیجیو نے کہا کہ راہل گاندھی نے بغیر نوٹس دیے پیٹرولیم کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری پر ایک سنگین الزام لگایا ہے، جو استحقاق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا كہ ہم اسپیکر کو ضروری اطلاع دیں گے۔ قائدِ حزبِ اختلاف نے بجٹ پر بحث کے دوران کوئی مفید اور ٹھوس تعاون نہیں کیا بلکہ صرف کچھ بے بنیاد الزامات لگائے۔ پارلیمانی امور کے وزیر نے بتایا کہ انہوں نے قائدِ حزبِ اختلاف سے کہا ہے کہ جب وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن بجٹ پر بحث کا جواب دیں تو وہ اس وقت ایوان میں موجود رہیں
انہوں نے کہا كہ تقریر دینے کے بعد وہ (راہل) فوراً ایوان سے باہر چلے گئے، جبکہ قاعدہ یہ ہے کہ کوئی رکن ایک بار تقریر کرنے کے بعد فوراً ایوان نہیں چھوڑ سکتا۔رجیجیو نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 20 سے 25 کانگریس ارکانِ پارلیمنٹ نے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو ان کے کمرے میں گالی گلوچ کی، لیکن وہاں موجود پارٹی کی سینئر رہنما پرینکا گاندھی واڈرا اور کے سی وینوگوپال نے انہیں نہیں روکا۔
پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ اوم برلا کو اس واقعے سے شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اسپیکر نہایت نرم مزاج ہیں، ورنہ وہ سخت کارروائی کرتے۔ انہوں نے کہا، ’’کچھ ارکان برلا کے کمرے میں گئے اور انہیں گالیاں دیں۔ جب 20 سے 25 کانگریس ارکان اسپیکر کے کمرے میں گئے تو میں بھی وہاں موجود تھا۔ انہوں نے اسپیکر کے لیے جس قسم کی زبان استعمال کی، میں اسے الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے وقت پرینکا گاندھی، وینوگوپال اور دیگر سینئر کانگریس رہنما بھی کمرے میں موجود تھے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ’’وہ (کانگریس ارکان کو) اکسا رہے تھے۔ ان کے لیڈر ارکانِ پارلیمنٹ کو جھگڑا کرنے کے لیے اکسا رہے تھے۔