تہران
ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کبھی بھی جنگ سے پہلے والی آپریشنل صورتحال میں واپس نہیں جائے گی اور ایران بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرتے ہوئے اس اہم آبی گزرگاہ کا انتظام اپنے طریقۂ کار کے مطابق کرے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا پریس ٹی وی کے مطابق، محمد باقر قالیباف نے پیر کے روز سوئٹزرلینڈ سے واپسی پر ایک انٹرویو میں یہ بات کہی۔ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے پہلے مرحلے کے اختتام کے بعد وطن واپس آئے تھے۔
قالیباف نے کہا کہ سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ آبنائے ہرمز کا انتظام کبھی بھی جنگ سے پہلے کی حالت میں واپس نہیں جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً بین الاقوامی ضابطوں کی پابندی کی جائے گی، لیکن آبنائے ہرمز کا انتظام ایران ہی کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے دوران اپنی مذاکراتی طاقت کا مظاہرہ کیا اور تہران بات چیت کے نتائج پر اثر انداز ہونے میں کامیاب رہا۔
قالیباف نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مذاکرات کے دوران ایران نے امریکہ کو ایک گھنٹے کے اندر سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں ترمیم کرنے پر مجبور کر دیا۔ اس پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے میں ایران کے مبینہ حمایتی گروہوں، خصوصاً لبنان میں حزب اللہ کی حمایت کے حوالے سے ایران کو دھمکی دی تھی۔ قالیباف نے اسے ایران کے سفارتی اثر و رسوخ کا ثبوت قرار دیا۔
علاقائی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی اسپیکر نے کہا کہ جاری مذاکرات کا تعلق وسیع تر تنازعات سے بھی ہے، جن میں لبنان کی صورتحال شامل ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران امریکہ پر اعتماد نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی امریکیوں پر اعتماد نہیں کیا، ہم اب بھی ان پر اعتماد نہیں کرتے، اور مستقبل میں بھی محتاط رہنا ہی عقلمندی ہوگی۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں ایران کی شرکت نے خطے میں مزید کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے میں مدد دی۔
پارلیمنٹ اسپیکر کے مطابق، مذاکرات میں لبنان کی علاقائی سالمیت اور خطے میں جنگ بندی کے انتظامات سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے، جبکہ ایران مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
قالیباف نے کہا کہ اگر ہم امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ نہ جاتے تو لبنان میں مسلمانوں اور شیعوں کا مزید خون کسی بھی وقت بہہ سکتا تھا۔انہوں نے ایران کے سیاسی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے قومی اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ ملک میں حتمی اختیار ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں متحد رہنا چاہیے اور یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ ان کے احکامات اور ہدایات ہی حتمی حیثیت رکھتے ہیں۔قالیباف نے مزید دعویٰ کیا کہ سوئٹزرلینڈ میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والی حالیہ بات چیت کے نتیجے میں ایران کے منجمد فنڈز کی رہائی اور تیل سے متعلق پابندیوں میں نرمی ممکن ہوئی ہے۔
یہ بیانات امریکہ اور ایران کے درمیان مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مفاہمتی یادداشت کے تحت ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے پہلے مرحلے کے اختتام کے بعد سامنے آئے ہیں۔ دونوں فریقوں نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے اور 60 دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔