نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو تمل ناڈو حکومت کی اس اپیل پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا جس میں مدراس ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا کہ اسلام قبول کرنے والا شخص پسماندہ طبقے (BC) کے ریزرویشن کا حقدار نہیں ہو سکتا۔
جسٹس پرشانت کمار مشرا اور جسٹس شری چندر شیکھر پر مشتمل بنچ نے ریاستی حکومت اور دوسرے فریق کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سماعت کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل مکل روہتگی نے بنچ کو بتایا کہ 9 مارچ 2024 کے ریاستی حکومت کے حکم کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد صرف اسلام قبول کرنے کی وجہ سے ریزرویشن کے فوائد سے محروم نہ ہوں۔ یہ اپیل 25 جون 2026 کے مدراس ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہے، جس میں مارچ 2024 کے ریاستی حکومت کے حکم کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔
اس حکم میں کہا گیا تھا کہ پسماندہ طبقات، انتہائی پسماندہ طبقات، ڈی نوٹیفائیڈ کمیونٹیز یا درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص اسلام قبول کرنے کے بعد ریزرویشن حاصل کرنے کے لیے بی سی (مسلم) کے طور پر شمار کیا جا سکتا ہے۔ حکومت کے حکم میں کہا گیا تھا کہ اسلام قبول کرنے والے شخص کو ریزرویشن کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے ریاست میں تسلیم شدہ سات مسلم پسماندہ برادریوں میں سے کسی ایک سے تعلق رکھنے والا کمیونٹی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے۔
ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ یہ حکومتی حکم عدالت کے ان فیصلوں کے بالکل خلاف ہے جن میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ یہ واضح کر چکے ہیں کہ اسلام قبول کرنے والے شخص کو صرف مسلمان ہی سمجھا جا سکتا ہے۔ ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ عیسائی مشنریوں اور اسلامی مبلغین نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے مذاہب ہندو مذہب کے برعکس سماجی مساوات فراہم کرتے ہیں، جہاں ذات پات کا نظام موجود ہے۔ یہ معاملہ سمیر احمد کی جانب سے دائر درخواست کے بعد سامنے آیا تھا، جنہوں نے 2015 میں اسلام قبول کیا تھا، اپنا نام تبدیل کیا اور نئے مذہب کے مطابق شادی کی تھی۔ 2024 کے حکومتی حکم کا حوالہ دیتے ہوئے سمیر احمد نے کمیونٹی سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دی تھی، جس میں انہیں ’مسلم لیبائی‘ قرار دینے کی درخواست کی گئی تھی۔ مسلم لیبائی تمل ناڈو حکومت کی جانب سے تسلیم شدہ سات پسماندہ مسلم برادریوں میں شامل ہے۔
تحصیلدار کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے کے بعد سمیر احمد نے اسی حکومتی حکم کو اپنی درخواست کی بنیاد بناتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ میں دلیل دی تھی کہ یہ حکومتی حکم تفصیلی غور و خوض کے بعد جاری کیا گیا تھا اور اس کا مقصد صرف یہ یقینی بنانا تھا کہ جو افراد پہلے ہی ریزرویشن کے فوائد حاصل کر رہے تھے، وہ اسلام قبول کرنے کی وجہ سے ان فوائد سے محروم نہ ہوں۔
ریاستی حکومت نے عدالت کے سامنے کہا تھا کہ ایسے افراد کو ریزرویشن دینے سے سماجی توازن متاثر نہیں ہوگا۔ ریاستی حکومت کے سکریٹری کی جانب سے اب سپریم کورٹ میں یہ اپیل دائر کی گئی ہے، جس میں مدراس ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے جس نے 9 مارچ 2024 کو جاری کیے گئے حکومتی حکم کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے منسوخ کر دیا تھا۔