نئی دہلی
فروری کے مہینے میں تھوک مہنگائی جنوری کے 1.81 فیصد سے بڑھ کر 2.13 فیصد ہو گئی۔ یہ اضافہ بنیادی طور پر خوراکی اور غیر خوراکی اشیاء کی قیمتوں میں بڑھوتری کی وجہ سے ہوا، حالانکہ ماہ بہ ماہ بنیاد پر سبزیوں کی قیمتوں میں کچھ نرمی دیکھنے کو ملی۔ اس بات کی معلومات حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں دی گئی ہیں۔
تھوک قیمت اشاریہ پر مبنی مہنگائی گزشتہ مہینے 1.81 فیصد تھی، جبکہ گزشتہ سال فروری میں یہ 2.45 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
وزارت صنعت نے ایک بیان میں کہا کہ فروری 2026 میں مہنگائی کی مثبت شرح بنیادی طور پر دیگر تیار شدہ مصنوعات، بنیادی دھاتوں کی تیاری، غیر خوراکی اشیاء، خوراکی اشیاء اور کپڑے وغیرہ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہے۔ڈبلیو پی آئی کے اعداد و شمار کے مطابق فروری میں خوراکی اشیاء میں مہنگائی 2.19 فیصد رہی، جبکہ پچھلے مہینے یہ 1.55 فیصد تھی۔
سبزیوں میں مہنگائی جنوری کے 6.78 فیصد سے گھٹ کر فروری میں 4.73 فیصد رہ گئی۔ تاہم دالوں، آلو، انڈوں، گوشت اور مچھلی کی قیمتوں میں فروری کے دوران گزشتہ مہینے کے مقابلے میں مہنگائی میں اضافہ دیکھا گیا۔
تیار شدہ مصنوعات کے معاملے میں ڈبلیو پی آئی مہنگائی جنوری کے 2.86 فیصد سے بڑھ کر فروری میں 2.92 فیصد ہو گئی۔ اسی طرح غیر خوراکی اشیاء کے زمرے میں مہنگائی جنوری کے 7.58 فیصد سے بڑھ کر فروری میں 8.80 فیصد تک پہنچ گئی۔دوسری جانب ایندھن اور بجلی کے زمرے میں منفی مہنگائی، یعنی افراطِ زر میں کمی (ڈیفلیشن) کا سلسلہ جاری رہا اور فروری میں یہ 3.78 فیصد رہی۔
خوردہ مہنگائی میں بھی اضافہ
گزشتہ ہفتے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں خوردہ مہنگائی جنوری کے 2.75 فیصد سے بڑھ کر فروری میں 3.2 فیصد ہو گئی۔ہندوستانی ریزرو بینک نے موجودہ مالی سال کے دوران پالیسی شرحِ سود میں 1.25 فیصد پوائنٹس کی کمی کی ہے کیونکہ مہنگائی کی سطح نسبتاً کم رہی ہے۔ بینچ مارک شرحِ سود سے متعلق فیصلے کرنے کے لیے آر بی آئی بنیادی طور پر خوردہ مہنگائی پر نظر رکھتا ہے۔