ہندوستانی اراکینِ پارلیمنٹ کے وفود کی قیادت کون کریں گے؟

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-05-2025
ہندوستانی اراکینِ پارلیمنٹ کے وفود کی قیادت کون کریں گے؟
ہندوستانی اراکینِ پارلیمنٹ کے وفود کی قیادت کون کریں گے؟

 



نئی دہلی: پہلگام حملے کے بعد ہندوستان نے "آپریشن سندور" کے تحت پاکستان میں موجود دہشتگردوں کے 9 ٹھکانوں کو تباہ کر دیا، جس میں 100 سے زائد دہشتگرد مارے گئے۔ اب ہندوستان دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہ کرنے کے پیغام کے ساتھ اراکینِ پارلیمنٹ کے وفد کو بیرونِ ملک بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔

یہ وفد مختلف ممالک کا دورہ کرے گا اور پاکستان کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹ کو عالمی سطح پر بے نقاب کرے گا۔ اس 7 رکنی وفد میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کے نمائندہ ارکان شامل ہوں گے۔ ان وفود کی قیادت کس کس رہنما کو سونپی گئی ہے، اس کی تفصیل بھی سامنے آ چکی ہے۔ 4 وفود کی قیادت حکومتی اتحاد کے رہنما کریں گے جبکہ 3 کی قیادت اپوزیشن کے رہنما کریں گے۔

وفود کی قیادت کرنے والے اراکین میں مہاراشٹر، بہار اور جنوبی ہندوستان سے دو، اور اڑیسہ سے ایک رہنما شامل ہیں۔ حکومت نے ان رہنماؤں کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیا ہے، کیونکہ یہ سب توانا آواز والے، تجربہ کار اور سیاسی میدان میں سرگرم رہنما ہیں۔ وفود کی قیادت درج ذیل رہنما کریں گے: بی جے پی: روی شنکر پرساد، بیجے انت پانڈا ، شیوسینا: شری کانت شنڈے ، جے ڈی یو: سنجے جھا ، کانگریس: ششی تھرور ، ڈی ایم کے: کنیموئی ، این سی پی (شرد پوار دھڑا): سپریا سولے ۔ ششی تھرور امریکہ و برطانیہ کا دورہ کریں گے ۔

اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما ششی تھرور کی قیادت میں وفد امریکہ اور برطانیہ کا دورہ کرے گا۔ تھرور نے پہلگام حملے پر حکومت کی کارروائی کی حمایت کی ہے اور پاکستان و پی او کے میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر ہندوستان کے حملوں کا دفاع کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق ہر وفد میں تجربہ کار سفارتکار بھی شامل ہوں گے۔ بی جے پی رہنما روی شنکر پرساد کی قیادت میں وفد سعودی عرب، کویت، بحرین اور الجزائر جائے گا۔

جے ڈی یو رہنما سنجے جھا کی قیادت میں جاپان، سنگاپور، جنوبی کوریا، ملائشیا اور انڈونیشیا (سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک) کا دورہ متوقع ہے۔ این سی پی رہنما سپریا سولے کی قیادت میں اراکینِ پارلیمنٹ کا وفد عمان، کینیا، جنوبی افریقہ اور مصر کا دورہ کرے گا۔ ان وفود میں شامل دیگر اراکین میں: انوراگ ٹھاکر، اپراجتا سارنگی، منیش تیواری، اسدالدین اویسی، امر سنگھ، راجیو پرتاپ روڈی، سمیک بھٹاچاریہ، برج لال، سرفراز احمد، پرینکا چترویدی، وکرم جیت ساہنی، سسمت پاترا اور بھونیشور کلیتا شامل ہیں۔

کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید کو سنجے جھا کے وفد میں شامل کیا گیا ہے حالانکہ وہ اس وقت رکن پارلیمان نہیں ہیں۔ ترنمول کانگریس کے رہنما سدیپ بندوپادھیائے کو بھی شامل کیا جانا تھا، مگر انہوں نے صحت کی بنیاد پر معذرت کر لی۔ ششی تھرور نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا: "مجھے حکومت کی جانب سے پانچ اہم ممالک میں ہندوستان کا مؤقف پیش کرنے کے لیے آل پارٹی وفد کی قیادت کی دعوت ملنے پر فخر ہے۔ جب بات قومی مفاد کی ہو تو میں پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ جے ہند!۔

شیوسینا رہنما شری کانت شنڈے نے ایکس پر لکھا: ہم عالمی برادری کو دوٹوک پیغام دیں گے کہ ہندوستان میں دہشتگردی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اور پاکستان اپنی سرزمین پر دہشتگردی کو پال رہا ہے۔ جب بات قومی مفاد کی ہو، تو اختلاف نہیں بلکہ فرض ہوتا ہے۔