مکند مشرا / لکھنؤ
معروف شاعر منور رانا نے اپنے قتل کااندیشہ ظاہر کیا ہے ۔انہوں نے اپنے ہی بھتیجے پر قتل کی سازش کا الزام لگایا ہے ، انہوں نے رائے بریلی پولیس کو تحریری شکایت دی ہے اور کہا ہے کہ اگر پولیس حرکت میں نہیں آئی تو مجھے بھی قتل کیا جاسکتا ہے۔ رانا خاندان کا الزام ہے کہ ان کے رشتہ دار ان کی 5.5 بیگھا آبائی اراضی کے تعلق سے جھگڑ رہے ہیں۔
رانا خاندان کا کہنا ہے کہ اس زمین کی قیمت کا تخمینہ 8 کروڑ روپے لگایا جارہا ہے ۔آپ کو بتادیں کہ اس زمین پر بابری مسجدبنوائے جانے کی پیشکش کے ساتھ منور رانا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط بھیجاتھا۔ رانا خاندان کی یہ اراضی ، جس پر تنازعہ چل رہا ہے ، تمام بھائیوں میں یکساں طور پر منقسم ہے۔منور رانا کی ایک اور زمین ہے ، جسے انہوں نے بیچا ہے۔ بیچی ہوئی زمین کے بیچ سے ایک سڑک نکلی ہے۔
تبریزرانااور ان کی کارجوحملے کا شکار ہوئی
اس زمین کو لےکرکسی سے تبریز رانا نے لین دین کیا تھا جو منور رانا کے بیٹے ہیں۔ رانا خاندان کے مطابق تبریز رانا پر اس اراضی کے لین دین کو لے کر حملہ کیا گیا تھا۔منور رانا نے اپنے بھائیوں پر فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔منور رانا کی رائے بریلی میں اور بھی اراضی ہیں لیکن خاندانی تنازعات ہیں ، جن کے بارےمیں وہ کھل کر بات کرنے کو تیار نہیں .
اس سے قبل پیر کی شام کو منور رانا کے بیٹے تبریز پر دو موٹرسائیکل سوار شرپسندوں نے حملہ کیا تھا۔منور رانا اپنی آبائی اراضی کے تنازعہ کو حل کرنے کے لئے اس وقت رائے بریلی پہنچے تھے۔ تبریز،پرتریپولا چوراہے کے قریب پٹرول پمپ کے پاس دو موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی تھی۔ اس کے بعد وہ آسانی سے فرار ہوگئے۔
حالانکہ گولیوں کی وجہ سے تبریزکی کارمیں کئی جگہوں پر چھید ہوگئے ہیں۔حملے کے دوران تبریز نے حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی لائسنسی بندوق نکالی ، لیکن تب تک حملہ آور فرار ہوچکے تھے۔ مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔ اب پولیس سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کے ذریعے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔