جب ہمارا وقت آئے گا تو ہم بھی دکھائیں گے کہ پارٹی کیسے توڑی جاتی ہیں: سنجے راوت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-06-2026
جب ہمارا وقت آئے گا تو ہم بھی دکھائیں گے کہ  پارٹی کیسے توڑی جاتی ہیں: سنجے راوت
جب ہمارا وقت آئے گا تو ہم بھی دکھائیں گے کہ پارٹی کیسے توڑی جاتی ہیں: سنجے راوت

 



نئی دہلی
شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے راجیہ سبھا رکن سنجے راوت نے اپنی جماعت میں ایک اور ممکنہ تقسیم سے متعلق خبروں کے درمیان پیر کو کہا کہ جب ہمارا وقت آئے گا تو ہم دکھائیں گے کہ پارٹی کیسے توڑی جاتی ہے۔ راوت نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا کہ شیوسینا (یو بی ٹی) کے کچھ لوک سبھا اراکین وفاداری تبدیل کرکے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں شامل ہونے پر غور کر رہے ہیں۔
انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ کوئی بحران نہیں ہے۔ اگر کوئی بحران پیدا ہوتا ہے تو ہم اس سے نمٹ لیں گے۔
راوت نے کہا کہ ان کی جماعت کی 60 سالہ وراثت ہے اور مختلف مسائل پر عوامی تحریکیں چلانے کی ایک طویل تاریخ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں، لیکن ہماری پارٹی کارکنوں پر مبنی جماعت ہے۔ ارکانِ اسمبلی اور ارکانِ پارلیمنٹ آتے جاتے رہتے ہیں، مگر پارٹی برقرار رہتی ہے۔ جب ہمارا وقت آئے گا تو ہم دکھائیں گے کہ پارٹی کیسے توڑی جاتی ہے۔
شیوسینا (یو بی ٹی) کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے دیشمکھ کی سینئر شیوسینا رہنما اور مرکزی وزیر پرتاپ راؤ جادھو سے ملاقات کی خبروں کے بارے میں پوچھے جانے پر راوت نے کہا کہ اس ملاقات کو ’’غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے‘‘ اور تمام اراکینِ پارلیمنٹ مضبوطی سے پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شیوسینا (یو بی ٹی) کے لوک سبھا رکن انیل دیسائی نے بھی ان افواہوں کو مسترد کر دیا کہ ان کے کچھ ساتھی الگ دھڑا بنا سکتے ہیں۔دیسائی نے کہا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران ادھو ٹھاکرے جی نے کئی اجلاس منعقد کیے ہیں اور تمام ارکانِ پارلیمنٹ نے ان میں شرکت کی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے تمام اراکینِ پارلیمنٹ متحد ہیں۔ ان کے مطابق، گزشتہ اجلاس میں ہم میں سے چار ارکان ذاتی طور پر موجود تھے جبکہ پانچ دیگر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شامل ہوئے تھے۔ وہ ’ماتوشری‘ (ممبئی میں ادھو ٹھاکرے کی سرکاری رہائش گاہ) نہیں آ سکے کیونکہ ان کے پہلے سے طے شدہ پروگرام تھے۔
ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیوسینا (یو بی ٹی) نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کی جانب سے مبینہ طور پر ’’آپریشن ٹائیگر‘‘ کے ذریعے اپنے اراکینِ پارلیمنٹ کو شامل کرنے کی کوششوں سے متعلق قیاس آرائیوں کو زیادہ اہمیت نہیں دی ہے۔واضح رہے کہ متحدہ شیوسینا کا انتخابی نشان شیر تھا، جسے پارٹی کے بانی بال ٹھاکرے نے متعارف کرایا تھا۔
ادھو ٹھاکرے نے اتوار کو پارٹی کے اراکینِ پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کیا تھا، جس میں شیوسینا (یو بی ٹی) کے نو لوک سبھا ارکان میں سے صرف چار — اروند ساونت، انیل دیسائی، راجا بھاؤ واجے اور سنجے پاٹل — ذاتی طور پر شریک ہوئے، جبکہ اوم پرکاش راجے نمبالکر، بھاؤ صاحب واکچورے، ناگیش باپوراؤ پاٹل اشٹیکر اور سنجے دیشمکھ آن لائن اجلاس میں شامل ہوئے۔