مسلم لڑکیوں کی شادی کی عمر کیا ہے؟ سپریم کورٹ کرے گا طے

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 21-03-2023
مسلم لڑکیوں کی شادی کی عمر کیا ہے؟ سپریم کورٹ کرے گا طے
مسلم لڑکیوں کی شادی کی عمر کیا ہے؟ سپریم کورٹ کرے گا طے

 

 

نئی دہلی: سپریم کورٹ مسلم لڑکیوں کی شادی کی عمر کے معاملے پر غور کرے گا۔ مسلم پرسنل لا، لڑکی کی بلوغت یعنی 15 سال کی عمر کے بعد شادی کی اجازت دیتا ہے۔ سپریم کورٹ نے ہادیہ اکھیلا اور صفین جہاں کے معاملے میں اپنے 2018 کے فیصلے میں کہا تھا کہ صحیح مسلم شادی کے لیے بلوغت کا حصول ایک شرط ہے۔ یہ قانونی معاملہ الہ آباد ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد پیدا ہوا ہے۔

ہائی کورٹ نے 16 سالہ مسلم لڑکی کی شادی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے ناری نکیتن بھیج دیا تھا۔ سپریم کورٹ اس بات کا بھی جائزہ لے گا کہ اگر مسلم پرسنل لا اور پارلیمنٹ کے پاس کردہ قانون میں تصادم ہوا تو کیا ہوگا؟ کس کو قابل اطلاق سمجھا جائے گا؟

جب کہ پرہیبیشن آف چائلڈ میرج ایکٹ اور مسلم پرسنل لا کے درمیان تنازعہ ہے، جو ایک مسلم لڑکی کو 15 سال کی عمر میں بلوغت کو پہنچنے پر شادی کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ لڑکی کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل دشینت پراشر نے جسٹس اجے رستوگی اور جسٹس بیلا ایم ترویدی کی بنچ کو بتایا کہ وہ اب بالغ ہو چکی ہے۔ اسے شیلٹر ہوم سے رہا کر دیا گیا ہے۔ وہ لڑکے کے ساتھ رہ رہی ہے۔

بنچ نے پاراشر سے کہا کہ وہ لڑکی کی طرف سے حلف نامہ داخل کریں۔ عدالت نے معاملے کی مزید سماعت دو ہفتوں کے بعد کی۔ سماعت کے دوران لڑکی کے وکیل پاراشر نے کہا کہ کیس میں قانون کا ایک اہم سوال شامل ہے۔ پرسنل لاء ایک مسلمان لڑکی کو 15 سال کی عمر میں بلوغت کو پہنچنے پر اپنی پسند کے لڑکے سے شادی کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

دوسری طرف پارلیمنٹ کے ذریعے منظور کیے گئے قوانین میں بچوں کی شادی کی ممانعت ایکٹ 2006، انڈین میجرٹی ایکٹ 1875 ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں جہاں انفرادی مذہبی حقوق شامل ہوں، کون سا قانون لاگو ہوگا؟ بنچ نے کہا کہ وہ قانون کے سوال کو کھلا چھوڑ ر ہے ہیں اور اس پر غور کریں گے۔