آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے منی پور کے دورے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا قدم ہے، خاص طور پر 2023 کے تشدد کے بعد اتنی تاخیر کے بعد۔ عبداللہ نے کہا کہ دیر آید درست آید‘‘ اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ ریاست میں امن بحال کرنے اور قبائلی برادریوں کے درمیان تناؤ کو کم کرنے میں مدد کرے گا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے۔ بہت باتیں ہو رہی تھیں کہ وزیر اعظم مودی نے ملک کے اس حصے کا سفر کرنے سے گریز کیا، خاص طور پر 2023 میں جب تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ جیسا کہ کہا جاتا ہے، دیر آید درست آید، اور یہ اچھی بات ہے کہ وہ جا رہے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ امن و سکون بحال ہوگا اور دونوں قبائلی برادریوں کے درمیان اختلافات کم ہوں گے تاکہ لوگ اپنی زندگی عام طریقے سے جی سکیں۔
یہ وزیر اعظم مودی کا پہلا دورہ ہے جب مئی 2023 میں ریاست میں نسلی تنازعہ پھوٹا اور میتئی اور کوکی برادریوں کے درمیان اختلافات دو سال تک برقرار رہے۔ اس تنازعے نے منی پور کو گہرا نقصان پہنچایا، معیشت کو متاثر کیا، سماجی ہم آہنگی کو بگاڑا اور سیاسی منظرنامے کو غیر مستحکم کر دیا۔
ہفتے کے روز اپنے دورۂ منی پور کے دوران، وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور کی مختلف نسلی برادریوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد ترک کریں اور ریاست میں امن قائم کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی ریاست میں ’’امید اور اعتماد‘‘ کی ایک نئی صبح طلوع ہو رہی ہے۔
وزیر اعظم نے چرچندپور میں 7,300 کروڑ روپے سے زائد کی متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ایشیاء کپ 2025 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے آئندہ میچ سے قبل عمر عبداللہ نے کہا کہ ہندوستان کے لیے پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی ٹورنامنٹس جیسے ایشیا کپ میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ پچھلے واقعات کی وجہ سے، خاص طور پر جموں و کشمیر میں، خدشات برقرار ہیں۔ عبداللہ نے کہا کہ ہماری ہمیشہ دو طرفہ کرکٹ میچز سے ہی پریشانی رہی ہے، مجھے نہیں لگتا کہ کبھی بڑے ٹورنامنٹس کے کثیرالجہتی حصے پر ہمیں کوئی اعتراض رہا ہو۔ جو کچھ ہوتا ہے اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ میرے علاقے نے براہِ راست اس کا خمیازہ بھگتا ہے... ہم سب نے دیکھا کہ پہلگام میں کیا ہوا۔ یہ ہمارے لیے حقیقی خدشات ہیں۔