امتا بم دھماکہ معاملے: این آئی اے نے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 24-06-2026
 امتا بم دھماکہ معاملے: این آئی اے نے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا
امتا بم دھماکہ معاملے: این آئی اے نے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا

 



نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے مغربی بنگال کے امتا بم دھماکہ کیس میں دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ 2022 میں پیش آئے اس دھماکے میں بم بنانے والے ایک شخص کی موت ہو گئی تھی جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔

این آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان کی شناخت اسفار مدیا اور انتاجل مدیا کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق ہاوڑہ (دیہی) کے امتا علاقے سے ہے۔ انہیں منگل کی رات تین مختلف مقامات پر ان کے مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپوں کے بعد گرفتار کیا گیا۔

این آئی اے کے مطابق تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ 23 فروری 2022 کو امتا تھانہ علاقے کے چندراپور بازار کے قریب غیر قانونی طور پر دیسی بم تیار کیے جا رہے تھے اور یہ سرگرمی دونوں ملزمان کی ہدایت پر انجام دی جا رہی تھی۔

ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ بم سازی کے دوران بعض بم اچانک پھٹ گئے تھے جس کے نتیجے میں جہادھر ملا، محبت ملا، معینور رحمان اور ایس کے مہارم شدید زخمی ہو گئے تھے۔ بعد میں ایس کے مہارم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

این آئی اے نے اپریل 2024 میں یہ مقدمہ مقامی پولیس سے اپنے ہاتھ میں لیا تھا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اسفار مدیا اور انتاجل مدیا بم سازی کے پورے نیٹ ورک کو کنٹرول کر رہے تھے اور تیار کیے جانے والے بم علاقے کے لوگوں کو خوف زدہ کرنے اور دہشت پھیلانے کے مقصد سے استعمال کیے جانے تھے۔

این آئی اے کے مطابق اس کیس میں پہلے ہی چار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور ان کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی جا چکی ہے۔ مقدمہ نمبر RC-08-2024/NIA/DLI ے تحت مزید تحقیقات جاری ہیں۔