کولکاتہ
مغربی بنگال میں ہفتہ کی علی الصبح ایک ڈرامائی کارروائی نے سیاسی ہلچل مچا دی، جب پولیس کی ایک بڑی ٹیم نے مرکزی سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے قومی جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی کی کالی گھاٹ واقع رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ ایک سینئر افسر کے مطابق یہ کارروائی پشچم مدنی پور ضلع کے ایک پولیس تھانے میں درج مقدمے کے سلسلے میں کی گئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صرف دو روز قبل مغربی بنگال کی سی آئی ڈی نے ریاستی اسمبلی سے متعلق مبینہ جعلی دستخطوں کے معاملے میں ابھیشیک بنرجی سے پوچھ گچھ کی تھی، جبکہ مختلف تحقیقاتی ایجنسیوں کی جانب سے انہیں تازہ سمن بھی جاری کیے گئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق، پولیس کی ٹیمیں جن میں پشچم مدنی پور کے سالبونی پولیس اسٹیشن اور کولکاتا پولیس کے افسران شامل تھے، رات تقریباً 3 بجے کے بعد پٹواپارا میں واقع بنرجی کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئیں۔مرکزی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے گھر کے باہر مورچے سنبھال لیے، جبکہ پولیس افسران نے مکان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ٹی ایم سی نے الزام لگایا کہ پولیس ٹیموں نے تالہ توڑ کر ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ میں داخلہ حاصل کیا۔
پولیس کی اس اچانک کارروائی کے بعد سابق وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی کو جیسے ہی صورتحال کی اطلاع ملی، وہ فوری طور پر ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پہنچ گئیں۔یہ کارروائی چار گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی اور صبح کے وقت بھی پولیس اہلکار گھر کے اندر موجود رہے۔ کئی افسران کو صبح کے وقت گھر سے باہر آتے، مشاورت کرتے اور دوبارہ اندر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
رہائش گاہ سے باہر آنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ابھیشیک بنرجی نے الزام لگایا کہ پولیس نے تالہ توڑ کر پورے گھر کی تلاشی لی۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے تالہ توڑا، گھر میں داخل ہوئے اور ہر کمرے کی تلاشی لی۔تاہم حکام نے فوری طور پر یہ واضح نہیں کیا کہ یہ کارروائی کس مخصوص مقدمے کے سلسلے میں کی گئی تھی۔
یہ واقعہ ابھیشیک بنرجی سے متعلق قانونی اور سیاسی کشمکش میں مزید شدت آنے کے پس منظر میں پیش آیا ہے۔