کولکتہ/ آواز دی وائس
مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی چیئرپرسن ممتا بنرجی نے جمعہ کے روز کولکتہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے خلاف احتجاج شروع کیا۔ یہ احتجاج ایک دن بعد کیا گیا، جب مرکزی ایجنسی نے سیاسی مشاورتی ادارے آئی-پی اے سی کے دفتر پر چھاپے مارے تھے۔
ممتا بنرجی نے دہلی میں ترنمول کانگریس کے ارکانِ پارلیمنٹ کو حراست میں لیے جانے پر سخت تنقید کی اور بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر جمہوری احتجاج کو دبانے اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں وقار اور احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، اور اس بات پر زور دیا کہ شہریوں اور منتخب نمائندوں کے ساتھ اقتدار میں بیٹھے افراد من مانی نہیں کر سکتے۔
اس سے قبل دن میں، ترنمول کانگریس کے کئی ارکانِ پارلیمنٹ کو جمعہ کے روز قومی دارالحکومت میں اس وقت حراست میں لیا گیا، جب وہ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کے دفتر کے باہر آئی-پی اے سی کے دفتر پر ای ڈی کے چھاپے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی نے لکھا کہ میں ہمارے ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ کیے گئے شرمناک اور ناقابلِ قبول سلوک کی سخت مذمت کرتی ہوں۔ منتخب نمائندوں کو سڑکوں پر گھسیٹنا، صرف اس لیے کہ وہ وزیرِ داخلہ کے دفتر کے باہر اپنے جمہوری حقِ احتجاج کا استعمال کر رہے تھے، قانون نافذ کرنا نہیں بلکہ وردی میں غرور ہے۔ یہ جمہوریت ہے، بی جے پی کی ذاتی جاگیر نہیں۔ جمہوریت اقتدار میں بیٹھے لوگوں کی سہولت یا آرام کے مطابق نہیں چلتی۔ جب بی جے پی کے رہنما احتجاج کرتے ہیں تو انہیں سرخ قالین اور خصوصی مراعات کی توقع ہوتی ہے، لیکن جب اپوزیشن کے ارکانِ پارلیمنٹ آواز اٹھاتے ہیں تو انہیں گھسیٹا جاتا ہے، حراست میں لیا جاتا ہے اور ذلیل کیا جاتا ہے۔ یہ دوہرا معیار بی جے پی کے جمہوریت کے تصور کو بے نقاب کرتا ہے — اطاعت، اختلاف نہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ بات واضح رہے: احترام باہمی ہوتا ہے۔ آپ ہمارا احترام کریں گے تو ہم آپ کا احترام کریں گے۔ آپ ہمیں سڑک پر گھسیٹیں گے تو ہم آپ کو آئینی برداشت، اختلافِ رائے اور جمہوری اخلاقیات کے تصور کی طرف واپس کھینچ لائیں گے۔ یہ ہمارا ہندوستان ہے۔ ہم حق کے ساتھ شہری ہیں، کسی کرسی، کسی بیج یا کسی طاقتور عہدے کے رحم و کرم پر نہیں۔ کوئی حکومت، کوئی پارٹی اور کوئی وزیرِ داخلہ یہ طے نہیں کر سکتا کہ جمہوریت میں کون وقار کا حقدار ہے۔
ادھر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے الزام عائد کیا ہے کہ ممتا بنرجی نے کولکتہ میں جاری تلاشی کارروائی کے دوران اعلیٰ سیاسی مشاورتی گروپ آئی-پی اے سی کے ڈائریکٹر پرتیک جین کی رہائشی عمارت میں داخل ہو کر “اہم شواہد” اپنے ساتھ لے گئے، جن میں کاغذی دستاویزات اور الیکٹرانک آلات شامل ہیں۔
ای ڈی نے ایک بیان میں کہا کہ اس کی ٹیم مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ کی آمد اور بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کے پہنچنے تک، تلاشی کی کارروائی پُرامن اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے رہی تھی۔