مغربی بنگال:پانچویں مرحلے کی انتخابی مہم میں تیزی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-04-2021
تمثیلی تصویر
تمثیلی تصویر

 

 

کولکاتا

مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے کی چناو مہم میں تیزی آگئی ہے مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے کی چناو مہم میں تیزی آگئی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ آندھرا پردیش میں ترو پتی اور کرناٹک میں بیلگام کے ضمنی چناو کی انتخابی مہم نے بھی زور پکڑ لیا ہے ۔

مغربی بنگال میں پانچویں مرحلے کی انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ رہنما ووٹروں کو اپنے اپنے امیدواروں کی حمایت میں راغب کرنے کی خاطر ایک کے بعد ایک دورے کررہے ہیں ۔

ریاست میں اب تک کے چار مرحلوں میں 294 میں سے 135 اسمبلی سیٹوں کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ پانچویں مرحلے میں اِس مہینے کی 17 تاریخ کو 6 ضلعوں میں 45 اسمبلی سیٹوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔

انتخابی کمیشن نے اِس مرحلے کیلئے چناو مہم مقررہ وقت سے 24 گھنٹے پہلے ہی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس طرح وہاں انتخابی مہم بدھ کے روز ختم ہوجائے گی ۔ مجموعی طور پر پانچویں مرحلے میں 39 خواتین سمیت 319 امیدوار چناو میدان میں ہیں ۔

بھارتیہ جنتا پارٹی سبھی 45 سیٹوں پر چناو لڑ رہی ہے ، جبکہ حکمراں ترنمول کانگریس نے 42 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں ۔ کانگریس ، بائیں بازو کی پارٹیاں اور اُن کی اتحادی پارٹی انڈین سیکولر فرنٹ سنیکت مورچے کے پرچم تلے چناو لڑ رہی ہیں ۔

بہوجن سماج پارٹی نے 32 امیدوار میدان میں اتارے ہیں ، جبکہ سی پی آئی ایم نے 25 ، کانگریس نے 11 اور اے آئی ایف بی نے دو امیدوار کھڑے کئے ہیں ۔ 83 آزاد امیدوار بھی چناو میدان میں ہیں ۔ (ایجنسی ان پٹ)