کولکاتا: مغربی بنگال کابینہ نے جمعہ کو ریاستی سرکاری ملازمین کے لیے آسان اور بہتر ’’کمپوزٹ ٹرانسفر اینڈ پیکنگ گرانٹ‘‘ متعارف کرانے کی منظوری دے دی۔ اس کے تحت کئی دہائیوں پرانے ٹرانسفر گرانٹ اور پیکنگ الاؤنس کے نظام کو تبدیل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس فیصلے کا مقصد سرکاری ملازمین کو مالی راحت فراہم کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ نئے نظام کے تحت ملازمین کو 50,000 روپے تک یا بنیادی تنخواہ کے 80 فیصد کے برابر یکمشت گرانٹ دی جائے گی۔
اس کے لیے رسیدیں جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ 30 کلومیٹر یا اس سے زیادہ فاصلے پر منتقلی کی صورت میں مکمل گرانٹ دی جائے گی، جبکہ 30 کلومیٹر سے کم فاصلے پر منتقلی کی صورت میں مقررہ گرانٹ کا ایک تہائی حصہ دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ سہولت ان ریٹائر ہونے والے ملازمین کو بھی دی جائے گی جو ریٹائرمنٹ کے بعد کسی نئی جگہ پر رہائش اختیار کرتے ہیں۔
نظرثانی شدہ ضوابط منتقلی کے لیے یکم جون 2026 اور ریٹائرمنٹ کے لیے 31 مئی 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ ادھیکاری نے اپنے اسمبلی حلقے بھوانی پور کی امبیڈکر کالونی میں رکشا بندھن کی تقریبات کا افتتاح کیا۔ کولکاتا میونسپل کارپوریشن کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام کے دوران انہوں نے موبائل راکھی ٹیبلو کا بھی افتتاح کیا۔ ادھیکاری نے بتایا کہ مغربی بنگال میں رکشا بندھن کی تقریبات 4,000 مقامات پر منعقد کی جا رہی ہیں