مغربی بنگال : بے روزگاروں کی مدد کے لیے بھروسہ اسکیم کا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-06-2026
مغربی بنگال : بے روزگاروں کی مدد کے لیے بھروسہ اسکیم کا اعلان
مغربی بنگال : بے روزگاروں کی مدد کے لیے بھروسہ اسکیم کا اعلان

 



نئی دہلی
مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے اپنے بجٹ میں ریاست کے بے روزگار افراد کی مدد کے لیے "بھروسہ" اسکیم کا اعلان کیا ہے۔
وزیرِ خزانہ سواپن داس گپتا نے ریاستی حکومت کا پہلا بجٹ پیش کرتے ہوئے پیر کے روز کہا کہ "بھروسہ" اسکیم کے تحت ایسے بے روزگار گریجویٹس جن کے خاندان کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ روپے سے کم ہے، انہیں ماہانہ 3,000 روپے دیے جائیں گے۔ دیگر اہل بے روزگار افراد کو 2,000 روپے ماہانہ فراہم کیے جائیں گے، بشرطیکہ وہ کسی دوسری سماجی بہبود کی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھا رہے ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بڑھاپا پنشن، بیوہ پنشن اور معذور افراد کی پنشن میں بھی 500 روپے ماہانہ اضافہ کیا ہے۔
صحت کے شعبے میں حکومت نے آیوشمان بھارت کے نفاذ کے لیے 3,100 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جس سے ریاست کے تقریباً سات کروڑ افراد کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت فی طالب علم مختص رقم بڑھا کر 10 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ کھانے کی تیاری اور تقسیم کا کام اسکون کے تعاون سے انجام دیا جائے گا۔
تعلیم کا شعبہ بھی بجٹ میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ اس کے تحت جھارگرام میں ایک قبائلی یونیورسٹی، دو مرکزی ودیالیہ اور خواتین کے لیے کانتھی، کالیہ چک اور فالتا میں یونیورسٹیاں قائم کرنے کی تجویز شامل ہے۔
اس کے علاوہ سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ کالجوں کے ان طلبہ کے لیے، جو مسابقتی امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں، 25,000 روپے کی یکمشت مالی امداد دینے کی بھی تجویز رکھی گئی ہے۔
حکومت نے شمالی بنگال میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ  کے قیام کو ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ ریاستی سطح پر ایک مصنوعی ذہانت  مشن شروع کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے۔