نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ مغربی بنگال کے عوام بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کر رہے ہیں۔ یہ بیان انہوں نے اسنسول میں اسمبلی انتخابات سے قبل روڈ شو کرنے کے ایک دن بعد دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نے روڈ شو کے دوران عوامی جوش و خروش کو اجاگر کیا اور بی جے پی کے حق میں عوامی حمایت پر اعتماد ظاہر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ کل اسنسول میں جوش و خروش کی ایک جھلک۔ مغربی بنگال بی جے پی کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کر رہا ہے اور کبھی بھی ترنمول کانگریس کی حمایت نہیں کرے گا!۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے جمعرات کو اسنسول میں روڈ شو کیا تھا، جو آنے والے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی مہم کا حصہ تھا۔ اس روڈ شو میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور بی جے پی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس سے پہلے اسنسول میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے 23 اپریل کے پولنگ دن کو "مستقبل کے فیصلے کا لمحہ" قرار دیا۔ ریاست میں بی جے پی حکومت کی وکالت کرتے ہوئے انہوں نے برسراقتدار ترنمول کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ "ایک مخصوص کمیونٹی کے نام پر ہندوؤں کو ڈرا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کے عوام ایک محفوظ ریاست چاہتے ہیں اور بی جے پی نے "ہندوستان کی مغربی سرحدوں کو محفوظ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب سرخ پوسٹروں کے ذریعے ہندوؤں کو نسل کشی کی دھمکیاں دی جاتی تھیں۔ آج ترنمول کانگریس بھی وہی کام کر رہی ہے، ایک بار پھر ہندوؤں کو ایک مخصوص کمیونٹی کے نام پر ڈرایا جا رہا ہے۔ بنگال کے لوگ چاہتے ہیں کہ ان کی زمین محفوظ رہے، ان کا مذہب محفوظ رہے، ان کا روزگار محفوظ رہے اور ان کے بچوں کا مستقبل محفوظ رہے۔ اسی لیے 23 اپریل مستقبل کے فیصلے کا دن ہوگا۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ بی جے پی نے ہندوستان کی مغربی سرحدوں کو محفوظ بنایا ہے اور وہی مشرقی سرحدوں کو بھی محفوظ بنائے گی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کے "گناہوں کا گھڑا بھر چکا ہے" اور آنے والے انتخابات کے بعد ریاست میں "ڈبل انجن سرکار" قائم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں ترنمول کے گناہوں کا گھڑا لبریز ہو چکا ہے۔ اگلی حکومت ڈبل انجن سرکار ہوگی۔ 4 مئی کے بعد بنگال ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگا۔
دریں اثنا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعہ کو کولکتہ میں بی جے پی کا منشور "سنکلپ پتر" جاری کریں گے، کیونکہ پارٹی اسمبلی انتخابات سے قبل اپنی مہم تیز کر رہی ہے۔امت شاہ نے کہا کہ مغربی بنگال کے عوام ترنمول کانگریس سے تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے دیبرا میں عوامی جلسہ اور کھڑگپور میں روڈ شو کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے "ایکس" پر لکھا کہ بنگال، ترنمول سے تنگ آ چکا ہے اور اب تبدیلی چاہتا ہے۔ آج کولکتہ میں میں بی جے پی کا 'سنکلپ پتر' جاری کروں گا، جو بنگال کو ترنمول کے 'دہشت کے راج' سے آزاد کرانے پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد میں مغربی میدنی پور کے دیبرا میں عوامی جلسے اور کھڑگپور میں روڈ شو کے ذریعے ریاست کے بھائیوں اور بہنوں سے رابطہ کروں گا۔مغربی بنگال کی 294 رکنی اسمبلی کے لیے ووٹنگ دو مرحلوں میں 23 اور 29 اپریل کو ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔