مغربی ایشیا بحران:پی ایم مودی کی ٹرمپ سے گفتگو

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 24-03-2026
مغربی ایشیا بحران:پی ایم مودی کی ٹرمپ سے گفتگو
مغربی ایشیا بحران:پی ایم مودی کی ٹرمپ سے گفتگو

 



نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان منگل کو مغربی ایشیا میں جاری بحران پر ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔ یہ معلومات بھارت میں امریکی سفیر سرجیو گور نے فراہم کی۔ سرجیو گور نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی، جس میں خاص طور پر آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ 

ہ 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی گفتگو تھی۔ دونوں نے خطے میں استحکام برقرار رکھنے اور عالمی توانائی کی سپلائی کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن میں توسیع کا اعلان کیا تھا، جبکہ ایران کے توانائی مراکز پر ممکنہ حملے کو بھی پانچ دن کے لیے مؤخر کر دیا گیا تھا۔

ادھر، بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایک روز قبل امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں مغربی ایشیا کے تنازع کے عالمی معیشت، خاص طور پر توانائی کی فراہمی پر اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بھارت نے اس بحران کے دوران خلیجی ممالک کے ساتھ بھی رابطے تیز کر دیے ہیں۔

ایس جے شنکر نے خلیج تعاون کونسل (GCC) کے رکن ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان، قطر، بحرین اور کویت — کے سفیروں سے ملاقات کر کے علاقائی صورتحال اور توانائی کے تحفظ سے متعلق امور پر بات کی، اور بھارتی کمیونٹی کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ مغربی ایشیا میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور ماہرین کے مطابق اگر آبنائے ہرمز بند رہی تو عالمی توانائی سپلائی پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔