نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی-این سی آر میں اچانک موسم بدل گیا۔ تیز آندھی کے بعد زوردار بارش نے دہلی اور نوئیڈا کو بھگو دیا۔ اس بارش سے گزشتہ کئی دنوں سے شدید گرمی کا سامنا کر رہے لوگوں کو بڑی راحت ملی۔ بارش کے بعد بہت سے لوگ ویڈیوز بناتے اور اس موسم کا جشن مناتے نظر آئے۔ مختلف علاقوں میں لوگ بارش کا لطف لینے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم کئی جگہوں پر بارش کی وجہ سے ٹریفک جام بھی دیکھنے کو ملا۔ دوسری جانب، ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
دہلی-این سی آر کے مختلف حصوں میں زوردار بارش نے لوگوں کو خوش ہونے کا ایک اور موقع فراہم کیا۔ سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز سامنے آئے جن میں لوگ اپنی خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے۔ انڈیا گیٹ پر موجود لوگوں نے بھی اس بارش سے کافی راحت محسوس کی۔
دہلی-این سی آر کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارش ہوئی۔ بنگلورو میں شدید بارش کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی۔
اگلے دو دن بادل چھائے رہیں گے، 16 مئی کو بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق این سی آر میں 14 اور 15 مئی کو آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور سورج کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ ان دنوں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 39 سے 41 ڈگری سیلسیئس اور کم سے کم 27 سے 28 ڈگری سیلسیئس رہنے کی توقع ہے۔ 16 مئی کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دن تیز ہوائیں، بجلی چمکنے اور گرج کے ساتھ بارش کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ اس سے درجہ حرارت میں کچھ کمی تو آسکتی ہے، لیکن نمی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
۔17 سے 19 مئی تک آسمان صاف یا جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ درجہ حرارت تقریباً 40 ڈگری سیلسیئس کے آس پاس رہے گا اور نمی 30 سے 55 فیصد کے درمیان رہنے کی پیشگوئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ شدید گرمی کے ساتھ ساتھ نمی بھی لوگوں کو پریشان کرے گی۔ ماہرینِ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دھوپ میں بلا ضرورت نہ نکلیں، ہلکے اور سوتی کپڑے پہنیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو اس دوران خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
راجستھان کے کئی علاقوں میں آندھی اور بارش
ادھر مغربی ہواؤں کے اثر سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راجستھان کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات، جے پور کے مطابق، سیکر ضلع میں گرد و غبار سے بھری آندھی چلی، اور کہیں کہیں بادلوں کی گرج کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ 37 ملی میٹر بارش سیکر میں ہوئی، جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت بیکانیر میں 42.5 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 مئی سے مغربی راجستھان کے کچھ حصوں میں آندھی اور بارش کی سرگرمیوں میں کمی آئے گی اور درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیئس کا اضافہ ممکن ہے۔ وہیں جودھپور اور بیکانیر ڈویژن کے سرحدی علاقوں میں 14 مئی سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری تک جا سکتا ہے، اور کچھ علاقوں میں 'لو' کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔