ہم بہار کا انتخاب چرانے نہیں دیں گے: راہل گاندھی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-08-2025
ہم بہار کا انتخاب چرانے نہیں دیں گے: راہل گاندھی
ہم بہار کا انتخاب چرانے نہیں دیں گے: راہل گاندھی

 



بھوج پور (بہار) : کانگریس کے رکن پارلیمان اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ہفتے کو کہا کہ اپوزیشن بی جے پی کو بہار کی آئندہ اسمبلی انتخاب چرانے نہیں دے گی۔ وہ بہار کے بھوج پور میں اپنی ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

راہل گاندھی نے کہا، انہوں نے (بی جے پی) مہاراشٹر میں انتخاب چرایا، ہریانہ میں بھی کیا، لوک سبھا انتخابات میں ووٹ چرائے، لیکن ہم انہیں بہار کا انتخاب چرانے نہیں دیں گے۔ اس سے پہلے آرا، بھوج پور میں، راہل گاندھی کو بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (بی جے وائی ایم) کے کارکنان کو مٹھائی دیتے دیکھا گیا جنہوں نے انہیں کالے جھنڈے دکھائے اور دربھنگہ میں مہاگٹھ بندھن کی ایک تقریب کے دوران وزیر اعظم اور ان کی والدہ کے خلاف مبینہ توہین آمیز بیانات پر ان کا سامنا کیا۔

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو نے بھی بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے پر زبردست حملہ کیا اور کہا کہ 'ووٹر ادھیکار یاترا' نے حکمراں اتحاد کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ تیجسوی یادو نے اے این آئی کو بتایا، بی جے پی خوفزدہ ہے، اور اس تاریخی یاترا کی وجہ سے این ڈی اے سخت بے چین ہوگئی ہے۔

وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہم سب پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ چاہے وہ کتنی بھی محنت کر لیں، وہ بہار میں دوبارہ اقتدار میں نہیں آئیں گے۔ راہل گاندھی اور دیگر مہاگٹھ بندھن کے رہنماؤں کی قیادت میں شروع ہونے والی ووٹر ادھیکار یاترا 20 اضلاع میں 1300 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرے گی اور یکم ستمبر کو پٹنہ میں اختتام پذیر ہوگی۔

اگرچہ اختتامی جلسہ جلوس کے بجائے مختلف مقامات پر احتجاج کے دوران بڑے رہنما عوام سے خطاب کریں گے کیونکہ پٹنہ انتظامیہ نے ریلی کی اجازت نہیں دی۔ ہفتے کا دن اپوزیشن اتحاد ‘انڈیا بلاک’ کی 'ووٹر ادھیکار یاترا' کا ماقبلِ آخری دن تھا، جس کا مقصد ووٹروں کے حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور مبینہ "ووٹ چوری" اور انتخابی فہرستوں کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) میں بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج ہے۔

ہفتے کو یہ یاترا سارن کے چھپرا اور بھوژپور کے آرا سے گزری۔ اسی دن سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، جو جمعہ کو بہار پہنچے تھے، نے بہار میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن کرانے پر ہندوستان کے الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور الزام لگایا کہ یہ انتخابی ادارہ بی جے پی کا جگاڑ کمیشن بن گیا ہے۔ اکھلیش یادو نے پٹنہ میں کہا، میں ووٹر ادھیکار یاترا میں شامل ہونے آیا ہوں۔ میں بہار کے عوام کو یاترا کی حمایت کرنے پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔

بہار کی آواز پورے ملک میں سنی جا رہی ہے۔ بی جے پی اس بار بہار سے باہر ہونے والی ہے۔ انہوں نے آئین میں درج حقوق کو پامال کیا ہے۔ بہار اسمبلی کے یہ انتہائی اہم انتخابات رواں سال کے آخر میں متوقع ہیں، اگرچہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک باضابطہ شیڈول کا اعلان نہیں کیا۔