ایک مضبوط، محفوظ اور ترقی یافتہ ہندوستان بنانا ہے: اوپیندر دویدی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 31-10-2025
ایک مضبوط، محفوظ اور ترقی یافتہ ہندوستان بنانا ہے: اوپیندر دویدی
ایک مضبوط، محفوظ اور ترقی یافتہ ہندوستان بنانا ہے: اوپیندر دویدی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے جمعہ کو ینگ لیڈرز فورم میں ملک کے نوجوانوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب یہ پروگرام خاص طور پر نوجوانوں کے لیے ایک ’’پری ایونٹ‘‘ کے طور پر منعقد کیا گیا ہے۔ اس فورم کا مقصد ہے “ریفارم ٹو ٹرانسفارم” یعنی تبدیلی کے ذریعے ایک مضبوط، محفوظ اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر۔
اس موقع پر کرنل صوفیہ قریشی، جو آپریشن سیندور میں شامل رہ چکی ہیں، انہوں نے بھی نوجوانوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سیندور کی وجہ سے جنگ لڑنے کے طریقے میں ایک بڑا انقلاب آیا ہے۔ اس آپریشن نے ثابت کر دیا کہ نوجوانوں کی سوچ اور شہریوں کی فعال شمولیت کے بغیر امن اور استحکام قائم نہیں کیا جا سکتا۔ صوفیہ قریشی نے کہا کہ اس آپریشن نے ملٹی ڈومین پریسیژن وارفیئر، ففتھ جنریشن وارفیئر، آتم نربھرتا (خود انحصاری) اور تینوں افواج کے باہمی تعاون کے میدان میں ہندوستان کی طاقت کو دنیا کے سامنے منوایا ہے۔
نوجوانوں کا حوصلہ اور لگن ، ہندوستان کی نئی طاقت
ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل دویدی نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ ایسے کئی سورماؤں سے بھری ہوئی ہے جنہوں نے یہ ثابت کیا کہ عمر کبھی بھی خدمت اور قربانی کی حد نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں نے ہر دور میں اپنے حوصلے اور لگن سے ہندوستان کو نئی طاقت عطا کی ہے۔ فوجی سربراہ نے حالیہ آپریشن سیندور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مشن میں ملک کے کئی نوجوان شامل رہے ہیں۔
ہندوستان کا مستقبل محفوظ اور روشن
جنرل دویدی نے کہا کہ آپریشن سیندور کے دوران کئی نوجوان افسران، این سی سی کیڈیٹس، سول ڈیفنس کے اراکین، ڈرون ٹیکنالوجی سے وابستہ انجینئرز اور سوشل میڈیا پر سرگرم نوجوانوں نے اپنے اپنے دائرے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی نوجوان قوت اور ماہر انسانی وسائل ہی اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ٹیکنالوجی، اختراع (انوویشن) اور قوم کی تعمیر کے ہر میدان میں آگے بڑھیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، اور یہ مستقبل محفوظ، روشن اور مضبوط ہے۔
نئی نسل دیکھے گی ترقی یافتہ اور خودمختار ہندوستان
اسی دوران کرنل صوفیہ قریشی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ وہ نسل ہیں جو ایک ترقی یافتہ اور تکنیکی طور پر خودمختار ہندوستان کو اپنی آنکھوں سے دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل-حماس، روس-یوکرین اور آذربائیجان-آرمینیا جیسے تنازعات میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
نوجوانوں نے سائبر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ کاغنیٹیو ڈومین (ذہنی و فکری جنگ) میں قیادت کرتے ہوئے اپنی مہارت اور قوت کا لوہا منوایا ہے۔