ہم چاہتے ہیں کہ این ڈی اے اپنے وزیر اعلی کے نام کا اعلان کرے: تیجسوی یادو

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-10-2025
ہم چاہتے ہیں کہ این ڈی اے اپنے وزیر اعلی کے نام کا اعلان کرے: تیجسوی یادو
ہم چاہتے ہیں کہ این ڈی اے اپنے وزیر اعلی کے نام کا اعلان کرے: تیجسوی یادو

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور مہاگٹھ بندھن کے وزیرِ اعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو نے منگل کے روز مطالبہ کیا کہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) بہار انتخابات کے لیے اپنے وزیرِ اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان کرے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے انتخابی منشور “تیجسوی پرن پتر” کی بھی رونمائی کی۔
 تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ این ڈی اے کے ایجنڈے اور وژن کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں، کیونکہ ان کے مطابق، مخالف اتحاد کے رہنما صرف منفی باتیں کرتے ہیں اور الزامات لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے وزیرِ اعلیٰ کا چہرہ پہلے ہی واضح کر دیا ہے۔ آج ہم ‘تیجسوی پرن پتر’ جاری کر رہے ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ اگلے پانچ برسوں میں ہم کیسے کام کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ این ڈی اے بھی اپنے وزیرِ اعلیٰ کا نام اعلان کرے۔ ان کے پاس کیا منصوبے ہیں؟ ان کا وژن کیا ہے؟ وہ بہار کو آگے کیسے لے جائیں گے؟ ہم نے ایک واضح روڈ میپ دیا ہے اور ہم پُرعزم ہیں کہ بہار کو نمبر ایک ریاست بنائیں گے۔ وہ لوگ صرف منفی باتیں کرتے ہیں اور ہمارے رہنماؤں پر الزامات لگاتے ہیں۔
اس سے قبل 19 اکتوبر کو مرکزی وزیر اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے سربراہ چراغ پاسوان نے اعلان کیا تھا کہ وہ این ڈی اے میں نتیش کمار کی قیادت کی حمایت کرتے ہیں اور اسمبلی انتخابات کے بعد جے ڈی (یو) کے رہنما کو دوبارہ وزیرِ اعلیٰ بنایا جائے گا۔ تیجسوی یادو نے ریلوے کے وزیر اشوِنی ویشنو پر بھی سخت تنقید کی، اور چھٹھ پوجا کے دوران مسافروں کو درپیش مشکلات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے عوام نے اسمبلی انتخابات میں حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج پورے بہار میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ بہار کے عوام تبدیلی کے موڈ میں ہیں۔ جو لوگ بہار سے باہر گئے تھے اور چھٹھ کے موقع پر واپس آئے، ان کی حالت دیکھ کر دکھ ہوا۔ ریلوے وزیر نے کہا تھا کہ 12 ہزار اسپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی، لیکن ذرا دیکھیے ان ‘اسپیشل ٹرینوں’ میں ہمارے بھائی بہن کس حالت میں بھرے جا رہے تھے۔ آخر وہ خصوصی ٹرینیں کہاں گئیں؟
اس سے قبل 23 اکتوبر کو مہاگٹھ بندھن نے بہار اسمبلی انتخابات کے لیے مشترکہ منشور جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی موقع پر تیجسوی یادو کو اپوزیشن اتحاد کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کا چہرہ قرار دیا گیا۔ وکاش شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے سربراہ مکیش سہنی کو مہاگٹھ بندھن کی جانب سے نائب وزیرِ اعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ بہار کے 2025 اسمبلی انتخابات میں اصل مقابلہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) اور مہاگٹھ بندھن کے درمیان ہوگا۔ این ڈی اے میں شامل جماعتیں ہیں: بھارتیہ جنتا پارٹی، جنتا دل (یونائیٹڈ)، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر) اور راشٹریہ لوک مورچہ۔
جبکہ مہاگٹھ بندھن کی قیادت راشٹریہ جنتا دل کر رہی ہے، جس میں شامل ہیں: کانگریس پارٹی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ-لیننسٹ) دیپانکر بھٹاچاریہ کی قیادت میں، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) اور مکیش سہنی کی وکاش شیل انسان پارٹی۔
اس کے علاوہ پرشانت کشور کی جن سوراج پارٹی نے بھی ریاست کی 243 اسمبلی نشستوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ انتخابات دو مراحل میں ہوں گے — 6 نومبر اور 11 نومبر کو — جبکہ نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔