ہمیں نئے بل کے فوائد کے بارے میں سب کو مطلع کرنا چاہیے: کرن رجیجو

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-01-2026
ہمیں نئے بل کے فوائد کے بارے میں سب کو مطلع کرنا چاہیے: کرن رجیجو
ہمیں نئے بل کے فوائد کے بارے میں سب کو مطلع کرنا چاہیے: کرن رجیجو

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
مرکزی وزیرِ پارلیمانی امور کرن رجیجو نے منگل کے روز کہا کہ حکومت کا مقصد اتر پردیش کے ہر گاؤں تک وکست ہندوستان جی-رام جی ایکٹ کے فوائد پہنچانا ہے۔
لکھنؤ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کرن رجیجو نے کہا کہ ہماری ایک میٹنگ ہے جس میں ریاست کے سینئر رہنما شریک ہوں گے۔ اس میٹنگ میں وکست ہندوستان جی-رام جی بل پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوگا۔ یہ ایک تاریخی بل ہے اور ہمیں ہر گاؤں میں ہر فرد کو اس نئے قانون کے فوائد سے آگاہ کرنا ہے۔ اتر پردیش ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست ہے، اور اگر یہاں وی بی جی-رام جی بل کامیاب ہوتا ہے تو یہ پورے ملک میں کامیاب ثابت ہوگا۔
کرن رجیجو وکست ہندوستان جی-رام جی ایکٹ سے متعلق مختلف پروگراموں میں شرکت کے لیے لکھنؤ میں موجود ہیں۔ وی بی جی-رام جی ایکٹ کے تحت دیہی علاقوں کے ہر گھرانے کو اجرت پر مبنی روزگار کی ضمانت 100 دن سے بڑھا کر 125 دن کر دی گئی ہے، بشرطیکہ بالغ افراد غیر ہنر مند دستی مزدوری کرنے کے خواہش مند ہوں۔
قانون کی دفعہ 22 کے مطابق، مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں کے درمیان فنڈ کی تقسیم کا تناسب 60:40 ہوگا، جبکہ شمال مشرقی ریاستوں، ہمالیائی ریاستوں اور مرکزی زیرِ انتظام علاقوں (اتراکھنڈ، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر) کے لیے یہ تناسب 90:10 مقرر کیا گیا ہے۔
کانگریس پارٹی نے وی بی جی-رام جی ایکٹ کی مخالفت میں 10 جنوری سے 25 فروری تک ملک گیر تحریک ’ایم جی نریگا بچاؤ سنگرام‘ کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل دن میں کانگریس کے رکنِ پارلیمان کے سی وینوگوپال نے وی بی جی-رام جی ایکٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نئے قانون کے ذریعے روزگار کے حق کو چھین لیا گیا ہے۔
کے سی وینوگوپال ترواننت پورم میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے کہا کہ پرانے قانون کے تحت اجرت کے پورے حصے کی ذمہ داری مرکزی حکومت پر ہوتی تھی، جبکہ نئی ترمیم کے بعد مرکز صرف 60 فیصد بوجھ اٹھائے گا اور باقی 40 فیصد ریاستی حکومت کو برداشت کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ روزگار کی ضمانت کی اسکیم دنیا کا سب سے بڑا روزگار فراہم کرنے والا پروگرام ہے۔ نئی ترمیم کے ذریعے روزگار کے حق کو ہی ختم کر دیا گیا ہے۔ پرانے قانون میں اجرت کا 100 فیصد حصہ مرکز ادا کرتا تھا، جبکہ نئی ترمیم کے مطابق اب مرکز صرف 60 فیصد ادا کرے گا اور باقی 40 فیصد ریاست کو دینا ہوگا۔