نئی دہلی
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں پہلے مرحلے کی زبردست ووٹنگ کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی 152 میں سے 110 سے زیادہ سیٹیں جیت رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس بار مغربی بنگال میں تبدیلی کے لیے ووٹ دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ووٹروں نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور بی جے پی پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے۔
امت شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں جو زبردست ووٹنگ ہوئی ہے، یہ تبدیلی کا ووٹ ہے۔ میں بنگال کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس بار عوام نے تمام پرانے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ واضح طور پر نظر آ رہا ہے کہ بنگال کے لوگوں نے تبدیلی کے لیے بھاری ووٹنگ کی ہے۔وزیر داخلہ نے اس بات پر بھی خوشی ظاہر کی کہ پچھلے انتخابات کے مقابلے میں اس بار ووٹنگ زیادہ پرامن طریقے سے ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغربی بنگال میں اب "بنگال کا ہی وزیر اعلیٰ" بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ پانچ مئی کو جیسے ہی بی جے پی کی حکومت بنے گی، بنگال کی ہر بیٹی رات کے وقت بھی بلا خوف و خطر سڑکوں پر نکل سکے گی۔مغربی بنگال کے پہلے مرحلے میں 152 نشستوں پر زبردست ووٹنگ ہوئی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعداد و شمار کے مطابق پہلے مرحلے میں 92.88 فیصد ووٹنگ درج کی گئی، جو آزادی کے بعد اب تک کی سب سے زیادہ شرح ہے۔
اس بھاری ووٹنگ کے بعد بی جے پی اور ترنمول کانگریس دونوں اپنی اپنی جیت کے دعوے کر رہی ہیں۔