نئی دہلی: سماجی کارکن سونم وانگچک نے جمعرات کو پارلیمنٹ میں لوک امتحانات (ترمیمی) بل پیش کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے نہ صرف امتحانی نظام بلکہ پورے تعلیمی نظام میں اصلاحات کی راہ ہموار ہوگی۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے تحریری وعدے پر قائم رہے اور حالیہ احتجاج میں شریک طلبہ کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہ کرے۔
لداخ جاتے ہوئے ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں وانگچک نے بتایا کہ وہ دہلی سے سرینگر تک وندے بھارت ایکسپریس کے ذریعے سفر کر کے آئے ہیں اور چناب ریل پل سے گزرنے کے تجربے کو "انتہائی خوبصورت" قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "مجھے ہندوستانی ریلوے پر بہت فخر ہے۔" انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اور ان کی ٹیم ایک دن کشمیر میں قیام کے بعد لداخ روانہ ہوں گے۔
امتحانی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے ترمیمی بل کا ذکر کرتے ہوئے وانگچک نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ امتحانات میں بہتری کے لیے قانون لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، "مجھے امید ہے کہ اصلاحات صرف امتحانات تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ پورے تعلیمی نظام میں بھی تبدیلی آئے گی۔"
AM PROUD OF INDIAN RAILWAYS
— Sonam Wangchuk (@Wangchuk66) July 30, 2026
Want to be proud of Indian (govt) promises too…
Copy-LeftRightnCentre… pic.twitter.com/syCigFCKOb
وانگچک نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ان سے اور بعد میں کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) سے کیے گئے تحریری وعدوں کی پاسداری کرے۔ انہوں نے کہا، "میں حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس وعدے پر قائم رہے کہ احتجاج میں شریک طلبہ کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوگی، ان کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی جائے گی، اور نوجوانوں کے درمیان اعتماد کا ماحول قائم کیا جائے گا۔"
انہوں نے کہا کہ حکومت اور نوجوانوں کے درمیان باہمی اعتماد ہی "ایک عظیم قوم اور عظیم ہندوستان" کی تعمیر کی بنیاد ہے۔ یہ اپیل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) مسلسل مطالبہ کر رہی ہے کہ عوامی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف ملک گیر احتجاج میں شریک طلبہ اور مظاہرین کے خلاف کوئی فوجداری مقدمہ درج نہ کیا جائے۔ تنظیم نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ تمام زیرِ التوا مقدمات اور ایف آئی آر واپس لینے کی تحریری یقین دہانی کرائی جائے، بصورتِ دیگر اس نے احتجاج دوبارہ شروع کرنے کی تنبیہ دی ہے۔