نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا(ECI) نے جمعرات کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے لگائے گئے "ووٹ چوری" کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی عام شہری کے ذریعے آن لائن کسی ووٹر کا نام حذف نہیں کیا جا سکتا۔الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ راہل گاندھی کی جانب سے لگائے گئے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔ جیسا کہ ان کے ذہن میں غلط فہمی ہے، عوام میں سے کوئی بھی شخص آن لائن کسی ووٹر کا نام حذف نہیں کر سکتا۔ کسی بھی ووٹ کو حذف کرنے کا عمل متاثرہ شخص کو سننے کا موقع دیے بغیر ممکن ہی نہیں ہے۔کمیشن نے یہ بھی کہا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف راہل گاندھی کے الزامات بھی بے بنیاد اور غلط ہیں۔خیال رہے کہ کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس "10 فیصد ثبوت" ہے کہ چیف الیکشن کمشنر "ووٹ چوروں کو تحفظ دے رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے الزام لگایا تھا کہ ایک گروپ مرکزی سافٹ ویئر کے ذریعے فرضی ووٹروں کی نقالی کر کے ان کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کر رہا ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن نے وضاحت کی کہ 2023 میں کچھ "ناکام کوششیں" ضرور ہوئیں، لیکن ان پر خود کمیشن کی ہدایت پر شکایت درج کی گئی تھی۔کمیشن نے کہا"2023 میں الانڈ اسمبلی حلقے میں کچھ ووٹروں کو حذف کرنے کی ناکام کوششیں کی گئی تھیں، جس پر الیکشن کمیشن کے حکم پر ایف آئی آر درج کی گئی۔کمیشن نے یہ بھی نشاندہی کی کہ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں الانڈ سے کانگریس لیڈر بی آر پاٹل کامیاب ہوئے، جبکہ 2018 میں بی جے پی کے سوبھد گٹیدار نے کامیابی حاصل کی تھی۔
راہل گاندھی نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کرناٹک کے الانڈ میں 6018 ووٹوں کو حذف کرنے کی کوشش کی گئی۔ ہمیں نہیں معلوم کہ 2023 کے انتخابات میں کل کتنے ووٹ حذف ہوئے، لیکن ایک شخص پکڑا گیا۔ یہ بھی ایک اتفاق سے ہوا جب بوتھ لیول آفیسر نے دیکھا کہ ان کے ماموں کا ووٹ لسٹ سے خارج ہو گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن جماعتیں بار بار یہ الزام لگاتی رہی ہیں کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا بی جے پی کے ساتھ ملی بھگت کر کے مختلف انتخابات میں ووٹر لسٹ سے ووٹوں کو حذف اور فرضی ووٹ شامل کرتا رہا ہے۔ کانگریس لیڈر نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات اور کرناٹک کے مہادیوپورہ اسمبلی حلقے سمیت کئی نشستوں میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں