نئی دہلی: مرکزی حکومت نے دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے، جس میں متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی، کویت، سنگاپور اور کینبرا (آسٹریلیا) میں واقع ہندوستانی سفارتی مشنز کے لیے قونصلر، پاسپورٹ اور ویزا (CPV) خدمات نجی کمپنیوں کو دینے کے ٹینڈر کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔
دہلی ہائی کورٹ نے ٹینڈر کے پورے عمل کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ ایک ماہ کے اندر نئی ریکویسٹ فار پروپوزل (RFP) جاری کرکے چاروں مشنز کے لیے دوبارہ بولیاں طلب کی جائیں۔ جمعہ کو سالیسٹر جنرل تشور مہتا نے، جو مرکزی حکومت اور وزارتِ خارجہ کی نمائندگی کر رہے تھے، یہ معاملہ چیف جسٹس سوریا کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے فوری سماعت کے لیے پیش کیا۔
عدالت نے درخواست قبول کرتے ہوئے پیر کو سماعت پر رضامندی ظاہر کی۔ 15 جولائی کے اپنے فیصلے میں دہلی ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ وزارتِ خارجہ کی جانب سے اختیار کیا گیا تکنیکی جانچ (ٹیکنیکل ایویلیوایشن) کا طریقہ من مانی، غیر معقول اور شفافیت سے عاری تھا۔ جسٹس انیل کشتری پال اور جسٹس شیل جین پر مشتمل بنچ نے کہا کہ حکام نے امیدوار کمپنیوں کو دیے گئے نمبروں یا ان کی تکنیکی نااہلی کی وجوہات نہ تو ریکارڈ پر درج کیں اور نہ ہی انہیں آگاہ کیا۔
اسی بنیاد پر عدالت نے تکنیکی جانچ کے عمل اور کامیاب نجی کمپنیوں کے حق میں جاری کیے گئے ٹینڈرز دونوں کو منسوخ کر دیا۔ تاہم، قونصلر خدمات میں تعطل سے بچنے کے لیے ہائی کورٹ نے موجودہ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو اس وقت تک خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی، جب تک نیا ٹینڈر مکمل نہ ہو جائے اور قانون کے مطابق نئی کمپنیوں کا انتخاب نہ کر لیا جائے۔
یہ فیصلہ ای ٹریو ٹیک لمیٹڈ اور ویراسس لمیٹڈ کی درخواستوں پر دیا گیا، جنہوں نے ٹینڈر کے تکنیکی مرحلے میں اپنی نااہلی کو چیلنج کیا تھا۔ درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ اگرچہ انہیں مختلف معیارات کے تحت نمبر دیے گئے، لیکن نمبر کم کرنے یا انہیں نااہل قرار دینے کی کوئی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔