نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز ویتنام کے فو کووک جزیرے کے قریب کشتی الٹنے کے المناک حادثے میں ہندوستانی سیاحوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔ وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس افسوسناک حادثے کی خبر سے انتہائی غمزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویتنام میں ہندوستانی سفارت خانہ اور قونصل خانہ متاثرین کی ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔
مودی نے لکھا، "ویتنام کے فو کووک جزیرے کے قریب ہندوستانی شہریوں کو لے جانے والی کشتی کے حادثے کی افسوسناک خبر سن کر انتہائی دکھ ہوا۔ جن خاندانوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے، ان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ ہمارا سفارت خانہ اور قونصل خانہ ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں، جبکہ ہمارے حکام ویتنامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔"
ویتنام کے اخبار وی این ایکسپریس کے مطابق، ہفتہ کے روز 36 افراد کو لے جانے والی ایک اسپیڈ بوٹ فو کووک جزیرے کے قریب الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ہندوستانی سیاحوں سمیت کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق، فو کووک خصوصی اقتصادی زون کے حکام نے بتایا کہ اوشن پرل آئی لینڈ کمپنی کی اسپیڈ بوٹ ہون مائے رُٹ جزیرے سے سیاحوں کو آن تھوئی بندرگاہ لے جا رہی تھی، جو فو کووک ہوائی اڈے سے تقریباً 25 کلومیٹر دور واقع ہے۔
دوپہر کے وقت کشتی الٹ گئی، جس کے باعث اس میں سوار تمام افراد سمندر میں جا گرے۔ شام تک امدادی ٹیموں نے تمام 36 افراد کو سمندر سے نکال کر ساحل تک پہنچا دیا۔ حادثے میں 21 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا، جبکہ دو خواتین اور 13 مردوں سمیت 15 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی۔ ویتنام میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ سرکاری ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کشتی میں 32 ہندوستانی سیاح سوار تھے۔ سفارت خانے کے مطابق کشتی میں 32 ہندوستانی سیاحوں کے علاوہ تین عملہ کے ارکان اور ایک فضائی میزبان بھی سوار تھے۔