تروپتی
نائب صدر سی پی رادھاکرشنن نے منگل کے روز ترو مالا میں واقع بھگوان وینکٹیشورا سوامی مندر میں پوجا ادا کی۔ویدک پنڈتوں کی معیت میں نائب صدر مندر میں داخل ہوئے اور دھوجا استمبھ (جھنڈے کے ستون) کے قریب عبادت کی۔ترو مالا تروپتی دیوستھانم (ٹی ٹی ڈی) کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ رادھاکرشنن نے آج ترو مالا میں بھگوان وینکٹیشورا سوامی مندر میں پوجا ادا کی۔
درشن کے بعد، پنڈتوں نے رنگنایاکولا منڈپم میں ویدک آشیرواد پیش کیا اور نائب صدر کو تیرتھ پرسادم دیا، ساتھ ہی بھگوان وینکٹیشورا کی تصویر بھی پیش کی گئی۔انہوں نے مندر کے احاطے میں واقع واکولا ماتا، ویمانا وینکٹیشورا سوامی، بھاشیاکارلو سنّدی اور یوگا نرسمہا سوامی کے مندروں کے بھی درشن کیے۔
بعد ازاں نائب صدر نے مرکزی مندر کے سامنے واقع شری بیدی انجنیہ سوامی مندر میں بھی پوجا ادا کی۔نائب صدر پیر کی دیر رات ترو مالا پہنچے تھے، جہاں ریاستی حکام اور مندر انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا۔بھگوان وینکٹیشورا سوامی مندر دنیا کے امیر ترین ہندو مندروں میں شمار ہوتا ہے، جس کا انتظام ترو مالا تروپتی دیوستھانم کے پاس ہے۔